0
Monday 25 Mar 2013 21:50

بگرام جیل افغان حکام کے حوالے کردیا گیا

بگرام جیل افغان حکام کے حوالے کردیا گیا
اسلام ٹائمز۔ افغانستان سے امریکی اور اتحادی فورسز کے انخلا کے پس منظر میں پیر کو امریکہ نے بگرام جیل کا مکمل کنٹرول افغانستان کے حوالے کردیا ہے۔ اس پیش رفت کو صدر حامد کرزئی کی جانب سے اگلے سال ہونے والے انخلا سے قبل ملکی معاملات پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

امریکہ کو کافی عرصے سے اس بات کا خدشہ رہا ہے کہ اگر بگرام جیل کا کنٹرول کرپشن میں گھرے افغان سیکیورٹی نظام کے حوالے کردیا گیا تو اس میں قید مبینہ طالبان اور القاعدہ جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ تاہم پنٹاگون کے مطابق، امریکی وزیر دفاع نے کرزئی سے ایک ٹیلی فونک گفتگو کے دوران معاہدہ کرلیا تھا جس کی باقاعدہ تقریب پیر کو منعقد ہوئی تھی۔
افغانستان میں انٹرنیشنل کولیشن کے کمانڈر جنرل جوزف ڈنفورڈ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ معاہدے کے لیے ہونے والی تقریب سے ثابت ہوتا ہے کہ افغانستان بتدریج خودمختاری، اعتماد اور صلاحیت حاصل کررہا ہے۔ 

یہ بات قابل ذکر ہے کہ بگرام جیل کو 9 مارچ کو افغانستان کے حوالے کیا جانا تھا تاہم کرزئی کے ان بیانات کے بعد جن میں انہوں نے جیل سے “معصوم” قیدیوں کو رہا کیا جانے کا ذکر کیا تھا، حوالے کیے جانے کا منصوبہ معطل کردیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں امریکہ نے بگرام جیل کو جزوی طور پر افغانستان کے حوالے کردیا تھا تاہم 50 غیر ملکی اور 100 افغان قیدیوں کی نگرانی بدستور امریکی فوج کے پاس تھی۔
خبر کا کوڈ : 249064
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش