0
Tuesday 2 Apr 2013 15:25

ملت جعفریہ ووٹ کی طاقت کے ذریعے ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے، علامہ حسن ظفر نقوی

ملت جعفریہ ووٹ کی طاقت کے ذریعے ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے، علامہ حسن ظفر نقوی
اسلام ٹائمز۔ ملک میں جاری قتل و غارت گری اندرونی و بیرونی سازشوں کا شاخسانہ ہے، دہشت گردوں کو تختہ دار پر لٹکائے بغیر ملک میں امن و امان کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، اس ملک کی تقدیر کا فیصلہ خود ہمارے اپنے ہاتھوں میں ہے، ملت جعفریہ ووٹ کی طاقت کے ذریعے ہی اس ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے، اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنے ووٹ کے ذریعے ذمہ دار، دیانت دار اور امین اشخاص کو اسمبلیوں میں پہنچائیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی نے ایم ڈبلیو ایم کراچی کے الیکشن سیل کے ذمہ داروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارا ملک عزیز پاکستان دہشت گردی، انتہا پسندی، ناانصافی، بددیانتی، بھتہ خوری اور بدتہذیبی کی لپیٹ میں ہے اور اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ ہم اپنے ووٹ کی طاقت سے ناآشنا ہیں۔ ہم بنا تحقیق، بنا سوچے سمجھے، کسی کی اہلیت جانے بغیر اپنا ووٹ کسی بھی شخص کے حوالے کر دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے اس عمل کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ نااہل اور بددیانت لوگ اسمبلیوں میں پہنچ کر ہماری اور ہمارے ملک کی تقدیر سے کھیلتے ہیں، انہیں اس سے غرض نہیں ہوتی کہ اس ملک کے مسائل کے حل کے لئے کیا اقدامات کئے جائیں۔ جس کا نتیجہ یہ ہے کہ آج پاکستان کے قیام کے بعد سے اتنے سال گزرنے کے باوجود بھی ہم وسائل اور مسائل کا شکار ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ احساس ذمہ داری اور غور و فکر سے کام لیتے ہوئے ووٹ کی طاقت سے صرف ان لوگوں کو مضبوط کریں جو واقعی اہلیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانان ملت جعفریہ سے پرزور اپیل کی کہ وہ عوام میں اس شعور کو اجاگر کرنے کے لئے اپنی توانائیوں کو استعمال میں لائیں۔
خبر کا کوڈ : 250843
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش