0
Thursday 18 Apr 2013 22:40

نگران وزیر داخلہ کل سینیٹ میں طلب، بتایا جائے کہ پرویز مشرف کو کیوں فرار ہونے دیا گیا، سینیٹرز کا استفسار

نگران وزیر داخلہ کل سینیٹ میں طلب، بتایا جائے کہ پرویز مشرف کو کیوں فرار ہونے دیا گیا، سینیٹرز کا استفسار
اسلام ٹائمز۔ سابق صدر پرویز مشرف کی گرفتاری کے حوالے سے نگران وزیر داخلہ کو کل سینٹ میں طلب کرلیا گیا ہے۔ چیئرمین سینٹ کا کہنا ہے کہ نگران وزیر داخلہ ایوان کو بتائیں کہ مشرف کو گرفتار کیوں نہیں کیا جا رہا۔ سینٹ میں پوائنٹ آف آڈر پر بات کرتے ہوئے سینٹر رضا ربانی کا کہنا تھا کہ جمہوریت پر شب خون مارنے والے ڈکٹیٹر کو ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود گھر بھیج دیا گیا، کیا پاکستان میں الگ الگ قوانین موجود ہیں؟ کیا قانون میں ایک شہری کو دوسرے پر فوقیت حاصل ہے۔؟ رضا ربانی نے کہا کہ قانون کا طالبعلم ہوں لیکن قانون میں ایسی کوئی شق نہیں، تمام شہریوں کے لئے قانون برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی گرفتاری سوالیہ نشان بن چکی ہے، اگر پرویز مشرف کیس کی سماعت چیف جسٹس چیمبر میں ہوتی تو گارڈ بھی اندر آجاتا، فرحت اللہ بابر نے کہا کہ آج کے واقعہ سے ثابت ہوگیا ہے ملک میں سویلین اور سکیورٹی افراد کے لئے الگ الگ قوانین ہیں، کیا کوئی سویلین ایسا کرتا تو اس کو گھر جانے دیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سکیورٹی افسر سے الجھنے پر اختر مینگل کو بند کرکے عدالت میں پیش کیا جاتا ہے، حالانکہ اس وقت وہ صوبے کے وزیراعلٰی تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ڈکٹیٹر کو عدالتی احکامات کے باوجود گرفتار نہیں کیا جا رہا۔

فرحت اللہ بابر نے کہا کہ پارلیمنٹ اور عدلیہ نے مشرف کے اقدامات کی توثیق نہیں کی، لٰہذا اس کی گرفتاری کے حوالے سے نگران حکومت رضا ربانی کی قرارداد پر فوری عمل کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نگران حکومت ملک بھر میں پرویز مشرف کے پورٹریٹ اور تصاویر اتارنے کے احکامات بھی جاری کرے۔ سینٹر سعید غنی نے کہا کہ پرویز مشرف کے خلاف سینٹ میں قرارداد پاس ہوئی تھی، جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ پرویز مشرف کو ملک پہنچتے ہی گرفتار کر لیا جائے گا، لیکن افسوس عدالتوں نے مشرف کی ملک آمد سے قبل ہی ضمانت منظور کرلی۔ نون لیگ کے سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ مشرف کا مکافات عمل شروع ہوچکا ہے، 4 ہزار پاکستانی شہری مشرف کے غلط فیصلوں کے باعث شہید ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈکٹیٹر کی ضمانت منسوخ ہونا ایک تاریخی فیصلہ ہے، نگران حکومت عدالتی احکامات پر عمل کرتے ہوئے مشرف کو فوری گرفتار کرے۔ اے این پی کے زاہد خان نے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت آرٹیکل 6 کے تحت مشرف کے خلاف فوری کاروائی کرے، تاکہ آئندہ ایسی کوئی جرات نہ کرسکے۔ چیئرمین سینیٹ نے ارکان کی آراء پر نگران وزیر داخلہ کو سینیٹ میں کل طلب کر لیا ہے کہ وہ آئین اور ایوان کو اس معاملہ پر آگاہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 255602
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش