0
Sunday 21 Apr 2013 18:07

میرانشاہ، فوجی قافلے پر بم حملہ، 4 فوجی جاں بحق

میرانشاہ، فوجی قافلے پر بم حملہ، 4 فوجی جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر آج اتوار کو ایک دیسی ساختہ بم سے حملہ کیا گیا ہے جس میں چار اہلکار جاں بحق اور چار شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں ایک فوجی قافلے پر بم حملے میں تین فوجی جاں بحق ہوگئے ہیں۔ شمالی وزیرستان میں تعینات پاکستانی فوج کے ایک افسر نے میڈیا کو بتایا کہ بم حملہ اتوار کو ہوا اور بنوں سے میرانشاہ جانے والا قافلہ اس حملے کا نشانہ بنا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب یہ قافلہ کھجوری کے علاقے میں ایک پل سے گزر رہا تھا تو اسکے نیچے نصب بم پھٹنے سے قافلے میں شامل ایک ٹرک تباہ ہوگیا۔ فوجی افسر نے بتایا کہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول بم سے کیا گیا اور اس حملے میں تین فوجی اہلکار جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے جنہیں بنوں کے فوجی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ادھر ایک سیکیورٹی آفیشل نے تازہ اطلاع فراہم کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان کے ضلعے میرعلی میں خواجہ خیر چیک پوسٹ کے قریب شرپسندوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا ہے۔
جبکہ درہ آدم خیل سے ایک اطلاع موصول ہوئی ہے جس کے مطابق قانون نافذ کرنے والی فورسز نے درہ آدم خیل کے فرنٹیئر ریجن کوہاٹ سے تین مشتبہ عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزمان سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
 
ایک اور واقعے میں بم ڈسپوزل اسکواڈ ( بی ڈی ایس) کے اہلکاروں نے آج اتوار کو پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر کے گاؤں بازید خیل میں ایک بم ناکارہ بنادیا ہے۔ بی ڈی ایس کے آفیشل عبدالحق نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ بم بنانے میں تقریباً 10 کلوگرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 256458
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش