0
Tuesday 23 Apr 2013 19:57

کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کے سوا سیاسی جماعتوں کا کوئی منشور نہیں، منور حسن

کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کے سوا سیاسی جماعتوں کا کوئی منشور نہیں، منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے پانچ سال تک عوام کو امریکی غلامی، مہنگائی، بے روزگاری، غربت اور لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا رکھنے والے کروڑوں روپے کے اشتہاروں سے عوام تک اپنا منشور پہنچا رہے ہیں حالانکہ ان کے منشور سے قوم پہلے سے آگاہ ہے، کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کے سوا ان کا کوئی منشور نہیں، مہنگائی کے ذریعے غربت کو بڑھانا ان کا کارنامہ ہے اور ملک و قوم کی آزادی کو گروی رکھ کر اپنے بنک بیلنس میں اضافہ کرنا ہی ان کا اصل منشور ہے، قوم نے ہمارے حق میں فیصلہ دیا تو جماعت اسلامی مگر مچھوں کے پیٹ پھاڑ کر قومی دولت نکلوائے گی اور لوٹی گئی دولت واپس لے کر عوامی فلاح کے منصوبوں پر خرچ کر کے ملک و قوم کے دلدر دور کر دے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید منورحسن نے کہا کہ توانائی کے بحران نے بے روزگاری سمیت ان گنت مسائل کھڑے کر دیئے ہیں، صنعتوں کا پہیہ رک جانے سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہوئے ہیں جن کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ چکی ہے، مہنگائی نے عام آدمی کی قوت خرید کو شدید متاثر کیا ہے اور ضروریات زندگی کی قیمتیں اس کی پہنچ سے باہر ہو گئی ہیں، لوڈشیڈنگ نے پورا نظام زندگی جام کر دیا ہے، الیکشن کمیشن اور نگران حکومت عوام کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکی، الیکشن میں چاروں طرف وہی لوگ نظر آ رہے ہیں جو ملک و قوم کو ان بحرانوں سے دوچار کرنے کے مجرم ہیں ،جماعت اسلامی اپنے منشور پر عمل کرتے ہوئے 6 ماہ کے اندر ملک کو انرجی بحران سے نکال دے گی ۔

انہوں نے کہاکہ وسائل کی منصفانہ تقسیم ، کرپشن کا خاتمہ ، امریکی غلامی اور بھارتی بالادستی سے نجات اور بین الاقوامی برادری سے برابری کی سطح پر تعلقات جماعت اسلامی کے منشور کے اہم نکات ہیں ، پانچ سال تک ملک کو امریکی چراگاہ بنانے اور عوام کو محرومیوں کا شکار کرنے والے خوشنما نعروں سے قوم کودھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں ۔سید منورحسن نے کہاکہ قومی معاملات میرٹ پر چل نکلیں اور حکومت میں پہنچنے والے دیانتدار ی سے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنا لیں تو پاکستان کو تمام مسائل سے نکال کر اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال کر رکھاہے لیکن وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور حکمران ٹولے کی لوٹ مار نے اس سونے کی چڑیا کے پر کاٹ دئے ہیں۔ آج ہم معاشی طور پر اسلام و پاکستان دشمن قوتوں کے سامنے ہاتھ پھیلانے پر مجبور ہیں۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک نے ہماری خودمختاری اور آزادی کو خرید لیاہے ۔ خود انحصاری اور اپنے پاؤں پرکھڑا ہو کر عزت و وقار سے آگے بڑھنے او دنیا میں اپنا نام پیدا کرنے کی خواہش سینوں میں دب کر رہ گئی ہے جس کے مجرم ہمارے وہ حکمران ہیں جنہوں نے بار بار دلفریب نعروں سے قوم کو گمراہ کر کے اپنا الو سیدھا کیا اور چند روزہ اقتدار کے لیے ہماری آنے والی نسلوں کو عالمی مالیاتی اداروں کا غلام بنا دیا۔
خبر کا کوڈ : 257223
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش