0
Tuesday 23 Apr 2013 21:18

پیپلزپارٹی عوام کو اکیلا نہیں چھوڑے گی، دہشتگردوں کو پناہ دینے والوں کو ہرانا ہوگا، بلاول بھٹو

پیپلزپارٹی عوام کو اکیلا نہیں چھوڑے گی، دہشتگردوں کو پناہ دینے والوں کو ہرانا ہوگا، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وقت ایک بار پھر ہمیں اس موڑ پر لے آیا ہے جہاں سے ہمارا سفر شروع ہوا تھا۔ ایک بار پھر ہمارے مقابلے پر وہ لوگ ہیں جو امن و امان کے دشمن ہیں۔ یہ ایک مخصوص سوچ کے پالے ہوئے ہیں۔ ہم نے پانچ سال تک اس سوچ سے جنگ کی ہے اور یہ جنگ آج بھی جاری ہے۔ میں بھی ایک دن انشاءاﷲ شہید بھٹو اور شہید بی بی کی طرح آپ کی انتخابی مہم لیڈ کرونگا۔ ہم سب کو مل کر جمہوریت کا سفر جاری رکھنا ہے۔ نوڈیرو میں ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے ایک خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں آپ کے درمیان رہ کر الیکشن لڑنا چاہتا تھا۔ میں اپنے وطن پاکستان کی گلیوں میں اپنے ہر ورکر کے ساتھ مل کر الیکشن مہم کرنا چاہتا تھا۔ میں جانتا ہوں کہ بی بی شہید کے جاں نثار میرے انتظار میں ہیں لیکن ہم ایک سوچ کے خلاف جنگ میں ہیں۔ دنیا جانتی ہے کہ ہم نے ہمیشہ جمہوریت کی خاطر جان دی ہے۔ میں بھی ایک دن انشاءاﷲ شہید بھٹو اور شہید بی بی کی طرح آپ کی الیکشن مہم لیڈ کرونگا۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کو پناہ دینے والوں کو ہرانا ہوگا۔ یہ ایک مخصوص سوچ کے پالے ہوئے ہیں، ہم نے پانچ سال تک اس سوچ سے جنگ کی اور یہ جنگ آج بھی جاری ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ میں آپ کے درمیان، آپ کے ساتھ رہ کر الیکشن لڑنا چاہتا تھا، آپ کے ساتھ مل کر الیکشن مہم چلانا چاہتا تھا، جانتا ہوں کہ بی بی شہید کے جاں نثار میرے انتظار میں ہیں، لیکن ہم ایک سوچ کے خلاف حالت جنگ میں ہیں، قائد عوام اور بی بی شہید کے قاتل اب ہمیں بھی ختم کرنا چاہتے ہیں۔ مجھے اپنی جان کی پرواہ نہیں، دنیا جانتی ہے کہ ہم نے ہمیشہ جمہوریت کی خاطر جان دی، میں بھی ایک دن انشاءالله شہید بھٹو اور شہید بی بی کی طرح آپ کی الیکشن مہم لیڈ کرونگا، اور اس دفعہ میں اپنے بزرگوں کا ساتھ دوں گا۔ 

انکا کہنا تھا کہ آج ہمارے راستے روکے جارہے ہیں، اس لیے کہ ہمارے پاس اعلٰی اداروں میں وہ دوست نہیں، جو دوسروں کی طرح ہمیں بھی اسٹے آرڈر دیں۔ آج ہم پر حملے کئے جا رہے ہیں، آج ہمارے گھروں سے لاشیں اٹھائی جا رہی ہیں، اس لیے کہ ہم ضیاء کی پیداوار نہیں ہیں۔ جن سے سمجھوتے بھی کیے جاتے ہیں اور جن کے گھروں کی حفاظت بھی کی جاتی ہے۔ ہمارے پاس صرف عوام ہیں، وہ لوگ جو پنجاب میں دودھ اور شہد کی نہریں بہانے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ کیا انہیں جنوبی پنجاب کے وہ لوگ نظر نہیں آتے؟ جنہیں پانی بھرنے کے لیے بھی میلوں کا سفر طے کرنا پڑتا ہے، کیا انہیں لاہور کی ورکشاپ میں کام کرتے لاکھوں بچے نظر نہیں آتے، بھوک اور بیماری سے لوگ مر گئے اور یہ سستی روٹی اسکیم کی آڑ میں سیاست چمکا تے رہے۔ انھیں کیا پتہ کہ غربت اور مزدوری کیا ہوتی ہے۔ خدمت دیکھنا چاہتے ہو تو آؤ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام دیکھو، جس نے عورت کو اس کا حق دیا۔ 

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم عوام ہیں، عوام ہمارے ہیں، پیپلز پارٹی کبھی اپنے عوام کو اکیلا نہیں چھوڑے گی۔ مجھے یقین ہے کہ سندھ کے عوام ہمیں اسلئے ووٹ دینگے کہ ہم نے سندھ میں اتنے ترقیاتی فنڈ دیئے ہیں جو آج تک تاریخ میں نہیں دیئے گئے۔ سندھ میں ہمارے پاس سید قائم علی شاہ، سید خورشید علی شاہ، مخدوم امین فہیم جیسے جیالے ہیں، جنہوں نے بدترین حالات میں بھی پارٹی کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ انھوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب ہمارا ہے، ہم نے جنوبی پنجاب کے دل کی آواز پر لبیک کہا، ہم نے جنوبی پنجاب کا نعرہ اس لیے لگایا کہ ہم وہاں سے دہشت گردی، بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ کرسکیں۔ اگر تخت لاہور کے وارث ہمارا راستہ نہ روکتے، تو ہم یہ آواز پوری کرچکے ہوتے۔ انھوں نے کہا کہ انھیں افسوس صرف اس بات کا ہے کہ پیپلز پارٹی کو جب بھی حکومت ملی تو کسی ڈکٹیٹر کے تباہ کئے ہوئے پاکستان کی حکومت ملی، لوٹے ہوئے پاکستان کی حکومت ملی، آئین کی بگڑی ہوئی صورت ملی، دہشت گردی سے کچلی ہوئی عوام ملی، ہم نے پھر بھی عوام کی خدمت کی اور اب جب ہم نے اس وطن کو ایک بار پھر جمہوریت کے راستے پر ڈال دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 257244
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش