0
Saturday 4 May 2013 10:45

امریکہ سے خوف زدہ قیادت عوامی مسائل حل نہیں کروا سکتی، عبدالرشید

امریکہ سے خوف زدہ قیادت عوامی مسائل حل نہیں کروا سکتی، عبدالرشید
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے پشتیبان مجاہد ملت قاضی حسین احمد کے فرزند آصف لقمان قاضی کو کامیاب کروانے کے لیے عوام کے پاس کشمیریوں کے بزرگ رہنما سید علی گیلانی کا پیغام لے کر آیا ہوں۔ سید علی گیلانی عمر کے جس حصے میں ہیں وہ آپ سب جانتے ہیں اور ہندوستان کی فوج جو ان کے ساتھ کر رہی ہے وہ بھی آپ کے علم میں ہے اسلام اور کشمیر کی آزادی کے حقیقی خیر خواہ نے اہل نوشہرہ اور اس کے گردونواح کے عوام کے نام پیغام دیا ہے کہ وہ کشمیر کی آزادی کے پشتبان قاضی حسین احمد کے فرزند کو کامیاب کروائیں۔ قاضی حسین احمد کی خدمات پاکستان کے عوام اور کشمیری عوام کے ساتھ ساتھ پوری امت مسلمہ کے لیے تھیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آصف لقمان قاضی کے انتخابی جلسہ سے نوشہرہ میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عبدالرشید ترابی نے کہا کہ پاکستان کی شہ رگ بچانے کی جنگ لڑنے والے کشمیریوں کے ترجمانوں کو ایوانوں میں پہنچانے کا وقت آ گیا ہے۔ ہندوستان اور امریکہ سے خوف زدہ قیادت عوامی مسائل حل نہیں کروا سکتی۔ عوام کی امنگوں کی ترجمانی اور مسائل کے حل کا ایجنڈا جماعت اسلامی کے پاس ہے۔ آصف لقمان قاضی کے مقابلے میں تمام سیاسی جماعتوں کے امیدوار رضاکارانہ طور پر دستبردار ہو جائیں۔ کشمیریوں کے محسن کے بیٹے کو کامیاب کروانے کا مطلب کشمیریوں کے جہاد کو کامیاب کروانا ہے۔ پاکستان کی قومی قیادت کی مسئلہ کشمیر پر خاموشی کی وجہ سے ہندوستان بغلیں بجا رہا ہے۔ لوٹ مار کے کلچر کو ختم کرنے کے لیے قوم کو تاریخی فیصلہ کرنا ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ پوری ملت اسلامیہ اس نتیجے پر پہنچ چکی ہے کہ ان کے دکھوں کا مداوا اور ان کے مسائل کا حل دیانتدار قیادت ہی کر سکتی ہے۔ عوام تاریخی موقع پر تاریخی فیصلہ کریں تاکہ ملک کو سنگین بحران سے نکالا جائے اور کشمیر کی آزادی کی تحریک کو نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف لقمان قاضی نے کہا کہ وہ قاضی حسین احمد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کشمیریوں کی پشیتبانی جاری رکھیں گے کشمیر کی آزادی اور اسلامی نظام کا نفاذ اور امت کی وحدت یہ قاضی حسین احمد کا مشن تھا وہ بھی یہ مشن جاری رکھیں گے۔  

خبر کا کوڈ : 260508
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش