0
Saturday 4 May 2013 13:02

جیمز ڈوبنس کو پاکستان اور افغانستان کیلئے امریکہ کا خصوصی ایلچی مقرر کردیا گیا

جیمز ڈوبنس کو پاکستان اور افغانستان کیلئے امریکہ کا خصوصی ایلچی مقرر کردیا گیا
اسلام ٹائمز۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے جیمز ڈوبنس کو پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کا خصوصی ایلچی مقرر کردیا ہے۔ جان کیری نے اس تقرری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ افغانستان اور پاکستان کے لیے انتہائی اہم دور ہے۔ دونوں ممالک سیاسی، حفاظتی اور معاشی تبدیلی کے دور سے گزر رہے ہیں اور آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔ پاکستان میں بہت جلد انتخابات ہونے والے ہیں جو کہ اپنے آپ میں تاریخی نوعیت کے حامل ہیں۔ واضح رہے کہ جیمز ڈوبنس کو افغانستان اور پاکستان کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے مارک گروس مین کی جگہ مقرر کیا گیا ہے جو دسمبر میں اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔ مارک گراس مین کو 2010ء میں رچرڈ ہال بروک کے انتقال کے بعد یہ ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی وزارتِ خارجہ کے ترجمان وینٹرل نے کہا کہ جان کیری نے اس تقرری کے متعلق افغانستان کے صدر حامد کرزئی اور پاکستانی صدر آصف علی زرداری کو مطلع کر دیا ہے۔ بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق کیانی کو بھی اس حوالے سے مطلع کر دیا گیا ہے۔ 

خطے میں اس اہم تقرری کا اعلان کرتے ہوئے جان کیری نے کہا کہ وہ اس خطے کی گہری سمجھ رکھتے ہیں اور یہاں ان کے پرانے رشتے ہیں اور میں ان کا بہت شکر گزار ہوں کہ انھوں نے یہ ذمہ داری قبول کی ہے۔ جان کیری نے یہ بھی کہا کہ طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد 2001 میں جب دوبارہ کابل میں امریکی سفارت خانہ کھولا گیا تو انہوں نے ہی وہاں امریکی پرچم لہرایا تھا۔ جیمز ڈوبنس کی تقرری کے بارے میں جان کیری نے کہا کہ انہیں ایک ایسے شخص کی تلاش تھی جو خطے میں سفارتی کوششیں جاری رکھے اور تصادم کو پرامن نتیجے تک لائے۔ واضح رہے کہ جیمز ڈوبنس اس سے قبل طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد افغانستان میں امریکی سفیر کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے بون کانفرنس میں امریکہ کی نمائندگی کی تھی۔ جہاں نئی افغان حکومت کے قیام کی راہ ہموار ہوئی تھی۔
خبر کا کوڈ : 260582
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش