0
Friday 10 May 2013 02:35

عوام 11 مئی کو ووٹ کے ذریعے نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں، عمران خان

عوام 11 مئی کو ووٹ کے ذریعے نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ عمران خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گیارہ مئی کو تبدیلی کے لئے گھروں سے نکلیں اور ملک کی تقدیر بدلنے کا فیصلہ کریں، ان کا کہنا تھا کہ انہیں نہیں معلوم کہ الیکشن کا نتیجہ کیا ہوگا، یہ خدا جانتا ہے لیکن وہ تبدیلی رضاکاروں سے کہتے ہیں کہ وہ صبح سویرے پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچ جائیں، عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام ذات برداری اور رشتے داری سے بالاتر ہو کر نظریے کو ووٹ دیں۔ لاہور کے شوکت خانم اسپتال میں زیرعلاج کپتان بستر علالت سے ویڈیو لنک پر نمودار ہوئے تو عوام میں تو جیسے بجلی دوڑ گئی، چہرے کھل اٹھے اور فضا نعروں سے گونجنے لگی۔ انہوں نے عوام کو مخاطب کیا اور کہا کہ آج وہ دل کی بات کرنا چاہتے ہیں، قوم کے لئے بہت دکھ جھیلے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ عوام سے کہنا چاہتے ہیں کہ اب نیا پاکستان بنانے کے لئے گھروں سے باہر نکلیں۔ کپتان کا کہنا تھا کہ وہ قوم کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ تبدیلی کے لئے مزید انتظار نہ کریں اور اس موقع کو جانے نہ دیں۔ میں جو کر سکتا تھا ملک کیلئے کیا، اب قوم کو اپنا مستقبل سنوانے کے لئے ذمہ داری پوری کرنی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ قوم نے فیصلہ کرلیا ہے، تمام پاکستانیوں سے کہتا ہوں کہ 11 مئی کو اسٹیٹس کو کی سیاست کرنے والوں کو رد کر دیں، تبدیلی کیلئے تحریک انصاف کے امیداروں کو ووٹ اور ہمیں ملک کیلئے ایک موقع دیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ نیا پاکستان بنانے سے پہلے نہیں مروں گا، پوری قوم کی دعاؤں پر ان کا شکر گزار ہوں، ہر مکتبہ فکر کے افراد نے میرے لئے دعا کی جس پر ان کا مشکور ہوں، عوام سے دل کی باتیں کرنا چاہتا ہوں، 17 سال پہلے سیاست میں قدم رکھا، میری عیسائی بیوی کو یہودی بنا دیا گیا، میرا گھر ٹوٹا، بچے چلے گئے، میں نے سوچا ان 2 پارٹیوں کے ساتھ چلنا ہے، تو ملک کا کوئی مستقبل نہیں، تبدیلی صرف سیاست کے ذریعے آسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں مانتا ہوں کہ ہم سے غلطیاں ہوئیں، ملک میں تبدیلی کیلئے پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ووٹ اور ملک کیلئے ایک موقع دیں، اللہ کے سوا کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکا، پرسوں کیا ہوگا اللہ جانتا ہے میں نہیں۔

تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور نون لیگ نے 5 سال میں ملک میں بلدیاتی نظام نہیں آنے دیا، بجلی نہیں بنائی، جنہوں نے 5 سال میں کچھ نہیں کیا وہ چھٹے سال کیا کریں گے، ملک پیچھے چلا گیا، حکمرانوں کے حالات اچھے ہوگئے، تمام پاکستانیوں سے مسلمانوں، ہندووں، عیسائیوں اور تمام قومیتوں و مذہبوں سے تعلق رکھنے والوں سے کہتا ہوں کہ اسٹیٹس کو کی سیاست کرنے والوں کو ووٹ نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ جو امن چاہئے خیبر پختونخوا اور فاٹا کو وہ امن دیں گے، سرداروں کو چھوڑ کر ایسے لوگوں کو ووٹ دیں جو آپ تک پیسا پہنچائیں، بلوچستان کے پشتون علاقوں میں دین کے نام پر سیاست ہوتی رہی ہے، کتنی دیر سندھ میں لوگ بھٹو کے نام پر بکیں گے، جن جماعتوں کے مسلح گروپس ہیں وہ کبھی بھی امن قائم نہیں کرسکتے، کراچی کے لوگ مجھے بتائیں کہ کیا وہ اپنی تقدیر بدلنے تیار ہیں۔
 ان کا کہنا ہے کہ جو تبدیلی ہمارے سامنے کھڑی ہے عوام نے اسے جانے نہیں دیا، خوشی ہے کہ جس طرح کا پاکستان ہونا چاہئے آج لوگ اس کیلئے کھڑے ہوگئے ہیں، تحریک انصاف نے آپ کو ایک متبادل قیادت دی ہے، گارنٹی دیتا ہوں پی ٹی آئی کا ہر نمائندہ تبدیلی لائے گا جو ہمارے منشور سے ہٹے گا وہ پی ٹی آئی میں نہیں رہے گا، تمام لوگ فیصلہ کرچکے ہیں، بس یہ ہی کہنا ہے کہ 11 مئی کو خود بھی نکلیں اور لوگوں کو بھی نکالیں۔ عمران خان نے جلسے کے شرکاء سے عہد لیا کہ وہ مل کر 11 مئی کو ایک نئے پاکستان کیلئے نکلیں گے۔
خبر کا کوڈ : 262411
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش