0
Wednesday 15 May 2013 09:10

مقبوضہ کشمیر، مرچی گیس کے بعد پیلٹ گن کے استعمال پر پابندی کی درخواست دائر

مقبوضہ کشمیر، مرچی گیس کے بعد پیلٹ گن کے استعمال پر پابندی کی درخواست دائر
اسلام ٹائمز۔ مرچی گیس کے استعمال پر حکم امتناع جاری جموں و کشمیر انسانی حقوق کمیشن نے پولیس اور قابض فورسز کے ہاتھوں استعمال میں لائے جا رہے پیلٹ گن سے جانی نقصان کا موجب بننے کے حوالے سے دائر پٹیشن کو منظور کرتے ہوئے حکومت کو اس ضمن میں اپنے عذرات پیش کرنے کے احکامات صادر کئے، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اور ہیومن رائٹس فورم کی جانب سے دائر کی گئی پٹیشن کو سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے کمیشن کے ڈویژنل بنچ نے پرنسپل سیکرٹری داخلہ اور ڈائریکٹر جنرل پولیس جموں و کشمیر کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان اشکالات اور اعتراضات پر تفصیلی جواب پیش کرے جو پیلٹ گن کے استعمال سے انسانی جانوں کے اتلاف کے حوالے سے اٹھائے گئے ہیں، عرضی میں انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے سربراہ محمد احسن انتو نے کمیشن کی توجہ پیلٹ گن کے استعمال سے ہونے والے نقصانات کی طرف مبذول کراتے ہوئے درخواست کی ہے کہ وادی میں پیلٹ گن کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے کیونکہ مذکورہ ہتھیار جان لیوا ثابت ہونے کے علاوہ انسانی جسم کو شدید نقصان پہنچاتا ہے۔

عرضی میں فورم کے چیئرمین نے 2010ء سے 2013ء تک پیلٹ گن سے شدید زخمی ہونے والے 45 افراد کاحوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ زخمی افراد کے اہم جسمانی اعضاء متاثر ہوئے ہیں حتیٰ کہ بعض افراد کی قوت سمع و بصر بھی متاثر ہوئی ہے، عرضی میں ڈاکٹری رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ لاء اینڈ آرڈر مسئلے سے نمٹتے ہوئے زخمی ہونے والے مظاہرین میں 30 فیصد افراد صرف پیلٹ لگنے سے زخمی ہوتے ہیں، عرضی میں کہا گیا ہے کہ ایک طرف جہاں مقبوضہ کشمیر کی حکومت غیر مہلک ہتھیاروں کے استعمال کے دعوے کرتی ہے وہیں پیلٹ گن جیسے مضر اور مہلک ہتھیار کا بے تحاشا استعمال کیا جاتا ہے جوکہ انسانی زندگیوں کیلئے انتہائی مہلک ثابت ہوتا ہے۔

انہوں نے وادی کشمیر میں پیلٹ گن کے استعمال پر یکسر پابندی عاید کئے جانے کی درخواست دی، عرضی کا جائزہ لینے کے بعد کمیشن کے ڈویژنل بنچ نے حکومت کو حکم دیا کہ وہ اس حوالے سے اپنے عذرات 13 جون تک پیش کرے، واضح رہے کہ اس سے قبل انسانی حقوق کمیشن نے لاء اینڈ آرڈر مسئلے سے نمٹنے کے دوران مرچی گیس کو بھی مضر صحت و انسانی زندگیوں کیلئے خطرناک قرار دیتے ہوئے اس کے استعمال پر حکم امتناعی جاری کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 263952
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش