0
Thursday 16 May 2013 00:12

پاکستان میں حکومت سازی، امریکہ اور سعودی عرب کی غیر معمولی دلچسپی

پاکستان میں حکومت سازی، امریکہ اور سعودی عرب کی غیر معمولی دلچسپی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں عام انتخابات کے بعد امریکہ اور سعودی عرب کی حکومتوں نے حکومت سازی کے عمل میں غیر معمولی دلچسپی لینا شروع کردی ہے۔ 11 مئی کے انتخابات کے نتیجے میں مسلم لیگ نواز کی اکثریت ثابت ہونے کیساتھ ہی سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے میاں نواز شریف کو ٹیلی فون کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ جس کے بعد پاکستان میں متعین سعودی سفیر عبدالعزیز الغدیر نے جاتی عمرہ رائیونڈ میں مسلم لیگ کے قائد سے ملاقات کی۔ واضح رہے کہ الیکشن سے قبل 26 اپریل کو بھی سعودی سفیر عبد العزیز الغدیر نے میاں نواز شریف سے ملاقات کی تھی۔ سعودی سفیر کی ان ملاقاتوں کو سنجیدہ حلقوں میں خاصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں گذشتہ روز پاکستان میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے بھی سابق وزیراعظم سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کی خاص بات امریکی سفیر کی جانب سے برملا پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ پر شدید تحفظات کا اظہار کرنا ہے۔ امریکی صدر باراک اوبامہ اور وزیر خارجہ جان کیری نے بھی میاں نواز شریف کو فون کیا۔ اس کے علاوہ امریکہ میں بھی پاکستان میں حکومت سازی کے عمل کو خاصی اہمیت دی جا رہی ہے اور دو روز قبل امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھی پاکستان میں نئی حکومت کے حوالے سے بات چیت کی۔ امریکہ اور سعودی عرب کے میاں نواز شریف کیساتھ ان رابطوں کو سنجیدہ حلقے خاصی اہمیت دے رہے ہیں اور ان کا خیال ہے کہ امریکی اور سعودی حکومتیں پاکستان میں حکومت سازی اور آئندہ کی پالیسیوں پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 264326
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش