0
Thursday 16 May 2013 18:07

کراچی میں فوج کی نگرانی میں دوبارہ انتخابات کروائے جائیں، قاری عثمان

کراچی میں فوج کی نگرانی میں دوبارہ انتخابات کروائے جائیں، قاری عثمان
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کراچی کے امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ اندرون سندھ 11 مئی کو انتخابات کے دوران کی جانے والی بدترین دھاندلی کے خلاف 17 مئی کو کراچی میں یوم سیاہ منایا جائے گا اور دھاندلی کے خلاف مظاہرے کئے جائیں گے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات کو صاف و شفاف اور غیر جانبدار بنانے کیلئے جتنے بلند و بانگ دعوے کئے گئے لیکن 11مئی کو اہل سندھ اور کراچی کے عوام نے کھلی آنکھو ں سے تاریخ کی بدترین دھاندلی کو دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ کے ذریعہ وجود میں آنے والی حکومت عوام کی نمائندہ حکومت کہلانے کی حقدار نہیں ہے، ہم اس جعلی مینڈینٹ کو تسلیم نہیں کرتے۔
 
قاری محمد عثمان نے مزید کہا کہ تاریخ کی اس بدترین دھاندلی کے خلاف احتجاج جاری ہے اور جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام 17 مئی بروز جمعہ کو شہر میں یوم سیاہ منایا جائے گا۔ اس موقع پر شہر کے مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہونگے جبکہ شام چھ بجے مزار قائد پر ہونے والے عظیم الشان احتجاجی مظاہرے میں جمعیت علماء اسلام کے کارکن بھرپور شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ اہلیان کراچی کو آزادانہ طور پر اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا موقع فراہم کیا جائے اور فوج کی نگرانی میں دوبارہ انتخابات کروائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا احتجاج مطالبات کی منظوری تک جاری رہیگا۔
خبر کا کوڈ : 264608
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش