0
Saturday 25 May 2013 09:22

بھارت نواز پارٹیوں کا اتحاد کی باتیں کرنا ریاکاری اور موقعہ پرستی ہے، میرواعظ عمر

بھارت نواز پارٹیوں کا اتحاد کی باتیں کرنا ریاکاری اور موقعہ پرستی ہے، میرواعظ عمر
اسلام ٹائمز۔ نیشنل کانفرنس کی طر ف سے ڈبل عمر اتحاد کے بیانات کی روشنی میں کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے بھارت نواز جماعتوں کو کشمیری عوام کے قتل و غارت اور سیاسی استحصال کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان جماعتوں کی طرف سے شہداء کو خراج عقیدت کرنے اور اتحاد کی باتیں صرف ریاکاری اور سیاسی موقعہ پرستی ہے، انہوں نے اس قسم کے طرز عمل کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام ان جماعتوں کی طرف سے ڈھائے گئے مظالم اور زیادتیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے، جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ سے قبل ایک بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین نے کہا کہ شہید ملت کشمیری عوام کے وسیع تر مفاد میں اتحاد کے نہ صرف داعی تھے بلکہ اتحاد ملت انکی زندگی کا مقصد تھا، انہوں نے کہا کہ شہید ملت نے کسی مراعاتی، مفاداتی یا اقتداری سیاست کاری کی  بجائے ایک عظیم نصب العین یعنی کشمیری عوام کو آزادی اور خوشحالی سے ہمکنار کرانے کیلئے اپنی جان تک کا نذرانہ پیش کردیا۔

میرواعظ عمر نے کہا کہ عوامی مجلس عمل اور حریت کانفرنس کے وجود کا بنیادی مقصد دیرینہ مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق منصفانہ حل کیلئے جدوجہد سے عبارت ہے اور ہم ان جماعتوں کی طرح سیاست کاری پر یقین نہیں رکھتے بلکہ ایک تحریک چلا رہے ہیں اور تحریکیں خون، قربانیاں اور شہادتیں مانگتی ہیں، انہوں نے کہا کہ طاقت کے بل پر  حریت کانفرنس اور عوامی مجلس عمل کے ہفتہ شہادت کے پروگرام کو ناکام بنانے سے کشمیری عوام کی شہید ملت اور  حریت کانفرنس کے تئیں وابستگی کو ختم نہیں کیا جاسکتا کیونکہ قدغنوں، گرفتاریوں اور نظر بندیوں سے سوچ، فکر اور جذبات پر پہرے نہیں بٹھائے جاسکتے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نواز جماعتیں کشمیری عوام کی خیرخواہ ہیں تو انہیں اقتداری سیاست ترک کرکے حریت کانفرنس کی صفوں میں شامل ہوجانا چاہئے جبکہ تلخ حقیقت یہ ہے کہ یہ لوگ فوج اور فورسز کے سامنے بے بس ہیں اور ان لوگوں کو یہاں کے عوام کے مفادات کے بجائے اپنے اقتدار اور مفادات زیادہ عزیز ہیں اور ان جماعتوں کے دور اقتدار میں سانحہ حول، سوپور، کنن پوشپورہ، گاوکدل، بجبہاڑہ،  چھٹی سنگھ پورہ، مژھل انکائونٹر اور شوپیاں جیسے درجنوں خون آشام واقعات کشمیریوں کے قلب و ذہن میں اب بھی تازہ ہیں اور نہتے کشمیریوں کے قتل و غارت میں ملوث لوگ کس منہ سے ساتھ چلنے کی باتیں کررہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 267201
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش