0
Saturday 25 May 2013 09:21

مقبوضہ کشمیر، ترال میں تصادم، عسکری پسند اور 4 فوجی اہلکار ہلاک

مقبوضہ کشمیر، ترال میں تصادم، عسکری پسند اور 4 فوجی اہلکار ہلاک
اسلام ٹائمز۔ ترال کے مضافاتی گاوں میں عسکریت پسندوں نے محاصرے کے دوران گھات لگا کر کئے گئے ایک حملے میں 4 قابض فوجی اہلکاروں کو ہلاک کرنے کے بعد ان کا اسلحہ اڑا لیا جبکہ بعد میں ہوئی تصادم آرائی میں ایک مقامی عسکری پسند جاں بحق ہوا جس نے انجینئرنگ میں ڈپلوما کیا تھا اور جو صرف ایک ماہ قبل عسکریت پسندوں کی صفوں میں شامل ہوا تھا، فوج نے علاقہ میں جنگجوئوں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا جو کل رات دیر گئے تک جاری تھا، جمعہ کی صبح 6 بجے 3 آر آر نے ترال کے بوچھو بالا نامی گاوں جو کہ جنگل کے دامن میں واقع ہے، کے ایک محلہ کو محاصرے میں لینے کا آغاز کیا اور جب محلے کا گھیراو تنگ کیا گیا تو محاصرے سے باہر گھات میں بیٹھے جنگجووں کے ایک گروپ نے فوج کے تین اہلکاروں کو ایک جگہ دیکھا، بتایا جاتا ہے کہ جنگجو تینوں اہلکاروں کے نزدیک پہنچ گئے اور ان پر اچانک حملہ آور ہوئے جس کے نتیجے میں تین اہلکاروں پر شدید فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دو اہلکار موقعہ پر ہی ہلاک اور ایک شدید طور پر زخمی ہوا، اس کے بعد جنگجووں نے ان کی تین رائفلیں میگزینوں سمیت اڑا لیں اور گذشتہ برس پولیس سے چھینی گئی ایک ایس ایل آر وہیں چھوڑ دی، بتایا جاتا ہے کہ جب جنگجو فرار ہونے کی کوشش کرنے لگے تو ایک فوج کے نرغے میں آیا جس کے بعد اس کے ساتھیوں اور فوج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

نرغے میں آئے جنگجو اور اس کے ساتھیوں کے ساتھ فوج کی زبردست تصادم آرائی ہوئی جس کے نتیجے میں سارا علاقہ دہل اٹھا اور فائرنگ اس قدر شدید تھی کہ ایک اور اہلکار بھی زخمی ہوکر ہلاک ہوا، مارے گئے چاروں اہلکاروں کی شناخت حوالدار کمل جیت، رائفل مین دلویر سنگھ، اجیت سنگھ اور اشونی کمار کے طور پر ہوئی ہے، کافی دیر تک طرفین کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا جس کے بعد نرغے میں آیا جنگجو جاں بحق ہوا، مذکورہ عسکریت پسند کی شاخت حزب المجاہدین کے ایک مقامی جنگجو رفیق احمد آہنگر عرف سیف اللہ ولد غلام نبی ساکن ہاری ترال  کے بطور ہوئی، جھڑپ میں جاں بحق ہونے والے جنگجو کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ ایس ایس ایم پالی ٹیکنیک سے ڈپلوما یافتہ انجینئر تھا اور صرف ایک ماہ سے عسکریت کے محاذ پر سرگرم تھا، اس کی میت شام دیر گئے جلوس کی صورت میں آبائی گائوں پہنچائی گئی جہاں سینکڑوں لوگوں نے اس کے نماز جنازہ میں شرکت کی، تحریک حریت کے ضلع صدر پلوامہ نے اس کی نماز جنازہ پڑھائی، اس موقعہ پر جان بحق جنگجو کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور آزادی اور اسلام کے نعروں کے بیچ سپرد خاک کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 267204
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش