0
Friday 31 May 2013 18:14

امریکیوں کی منت سماجت کرنے سے ڈرون حملے نہیں رکیں گے، حافظ سعید

امریکیوں کی منت سماجت کرنے سے ڈرون حملے نہیں رکیں گے، حافظ سعید
اسلام ٹائمز۔ جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران امیر جماعت الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا کہ امریکی اس ملک کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں، وہ ہر چیز کو اپنے کنٹرول میں رکھنا اور پاکستان کو اندھیروں میں دھکیلنا چاہتے ہیں، جب بھی آپ اپنے قدموں پر کھڑا ہونے کی کوشش کریں گے ان کے پیٹ میں مروڑ اٹھنا شروع ہو جاتے ہیں، ہم نے اس ملک کو امریکی غلامی سے آزاد کروانا ہے، اس کیلئے اتحاد و یکجہتی کا راستہ اختیار کرنے اور اللہ کے دشمنوں کے مقابلہ میں مسلمانوں کی مضبوط قوت کھڑی کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے قرآن پاک کی متعدد آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے صلیبیوں، یہودیوں اور ہندوؤں سے دوستی نہ کرنے کا حکم دیا ہے اور صاف طور پر بتایا ہے کہ وہ آپ کو لالچ دیں گے اور ہمیشہ نقصان پہنچانے کی کوشش کریں گے، یہ آپس میں ایک دوسرے کے دوست ہو سکتے ہیں لیکن مسلمانوں کومقابلہ میں وہ سب ایک ہیں، اس لئے آپ ان کے کسی دھوکہ میں نہ آئیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ اسلام کی سیاست، معیشت و معاشرت اور قانونی ڈھانچے اللہ کے احکامات کے مطابق قائم کرنا چاہتے ہیں تو پھر کفار کی دوستیوں اور ان کی غلامی سے خود کو آزاد کروانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکیوں نے شمالی وزیرستان میں ڈرون حملہ کر کے نواز شریف کو پیغام دیا ہے کہ امریکہ کی مرضی کے بغیر تم اپنے طور پر ملک میں امن و امان قائم اور تخریب کاری و خودکش حملے بند کروانا چاہتے ہو وہ ایسا نہیں ہونے دیں گے، تمہارا امن و امان، بجٹ بنانا، نظام، قوانین اور ڈھانچے امریکیوں کی خواہشات کے مطابق ہونے چاہئیں، افسوسناک امر یہ ہے کہ پاکستانی حکمران بھی یہ سوچ رکھتے ہیں کہ امریکہ کی دوستی کے بغیر وہ ملک نہیں چلا سکتے، یہی سوچ و فکر خرابی کی اصل بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے بھی کہا تھا کہ وہ پاکستان بچانے کیلئے امریکہ کا ساتھ دے رہے ہیں، ہم نے اللہ کے فضل وکرم سے اس وقت قرآن و سنت کے احکامات بیان کرتے ہوئے مال روڈ پر کھڑے ہو کر علی الاعلان یہ بات کہی تھی کہ آپ کو امریکہ سے یہ دوستی مہنگی پڑے گی لیکن اس وقت ہماری ان باتوں کی طرف توجہ نہیں دی گئی، آج ان غلطیوں کا نتیجہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نومنتخب حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ سابقہ حکمرانوں کی غلطیوں سے نصیحت حاصل کریں اور ملکی و قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں ترتیب دی جائیں۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ پاکستان میں ڈرون حملے امریکہ کی منت سماجت سے نہیں رکیں گے، آپ جتنا مرضی ان سے کہتے رہیں کہ لوگوں نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، آپ اس مینڈیٹ کا احترام کریں اور ڈرون حملے روک دیں وہ کسی صورت آپ کی بات نہیں مانیں گے،اس کے لئے آپ کو کتاب و سنت کی روشنی میں پالیسیاں ترتیب دینا پڑیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن قوتیں پاکستانی حکمرانوں کو دوستیوں کے چکر میں الجھا کر خطہ میں اپنے مذموم ایجنڈے پورے کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں، قیام پاکستان کے وقت لاکھوں مسلمانوں نے صرف اس مقصد کیلئے قربانیں پیش کی تھیں کہ ہندوؤں اور مسلمانوں کا دین، کلچر و ثقافت اور رہن سہن سب کچھ الگ الگ ہے، وہ ایک ساتھ نہیں رہ سکتے اس لئے انہیں الگ ملک چاہیے مگر افسوس کہ جب اللہ تعالیٰ نے پاکستان جیسی نعمت عطا کر دی تو پھر حکمرانوں کی جانب سے اللہ تعالیٰ سے کئے گئے اپنے وعدوں کو پورا نہیں کیا گیا۔

حافظ سعید نے کہا کہ اگر اس وقت اس بات کا اعلان کر دیا جاتا کہ قرآن پاک ہی آج سے ہمارا دستور اور آئین ہو گا تو ملک امریکی غلامی میں نہ جاتا اور اندھیروں کی یہ داستان رقم نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو اس بات کی سخت فکر ہے کہ پاکستان میں لوگ دین کی طرف پلٹ رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اب اوباما نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان میں تعلیمی ادارے قائم کریں گے تاکہ نوجوان نسل کی ایسی تربیت کی جائے کہ وہ مستقبل میں ان کے نظاموں کو آگے چلا سکیں، ضرورت اس امرکی ہے کہ علماء کرام لوگوں کو کفار کی سازشوں سے آگاہ کریں اور تعلیمی نظام برباد کرنے کی سازشوں کے خلاف بند باندھنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 269376
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش