0
Tuesday 11 Jun 2013 19:20

ججز نظربندی کیس میں پرویز مشرف کی ضمانت منظور

ججز نظربندی کیس میں پرویز مشرف کی ضمانت منظور
اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ججز نظر بندی کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے پر پرویز مشرف کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت عالیہ کے ڈویژن بینچ کے روبرو، پرویز مشرف کے وکیل الیاس صدیقی ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل کی ضمانت شامل تفتیش نہ ہونے پر خارج کی گئی، تاہم اب وہ تفتیش میں مکمل تعاون اور اپنا بیان قلمبند کروا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وکلا کے بیانات کے علاوہ کوئی شہادت ہے، نہ کوئی نوٹیفیکیشن موجود ہے۔ لٰہذا ان کے مؤکل کی ضمانت منظور کی جائے۔ پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش نے استفسار کیا کہ کیا پرویز مشرف ججز کی نظربندی سے لاعلم تھے؟ اگر کوئی اور طاقت ججز کی نظربندی میں ملوث تھی تو پرویز مشرف نے ان کے خلاف کیا اقدام کیا؟ دوران تفتیش پرویز مشرف نے دیگر ساتھیوں کا نام بتانے سے انکار کیا ہے۔ ہائی کورٹ میں ملزم کی ضمانت مسترد ہوئی تو وہ کمرہ عدالت سے فرار ہوگئے۔ جسٹس نور الحق قریشی نے ریمارکس دیئے کہ کیا ملزم کے رویے کی وجہ سے تفتیش کو لٹکا دیا جائے۔ فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے پرویز مشرف کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے پانچ پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض پرویز مشرف کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
خبر کا کوڈ : 272596
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش