0
Wednesday 12 Jun 2013 10:34

حق خودارادیت کے حصول کیلئے بندوق اٹھانے پر مجبور نہ کیا جائے، سردار یعقوب

حق خودارادیت کے حصول کیلئے بندوق اٹھانے پر مجبور نہ کیا جائے، سردار یعقوب
اسلام ٹائمز۔ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ کہ بدلتی ہوئی بین الاقوامی صورتحال میں کشمیری قوم نے ایک حکمت عملی کے تحت حق خودارادیت کے حصول کے لیے پرامن جدوجہد کو اپنا رکھا ہے۔ لیکن اگر بین الاقوامی برادری نے روایتی بے حسی، اہل مغرب نے دوہرا معیار اپنائے رکھا اور بھارت نے مسئلہ کشمیر کو پرامن انداز میں حل کرنے کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو ہم اپنے آبائو اجداد کی طرح ایک بار پھر اپنے پیدائشی حق کے حصول کے لیے بندوق اٹھانے پر مجبور ہو جائیں گے۔ 80ء کی دہائی میں بھی کشمیریوں نے 50 سال تک اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد اور بھارتی رہنمائوں کے وعدوں کے پورے نہ ہونے کے اتنظار کرنے کے بعد مجبورا مسلح جدوجہد شروع کی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز ہالینڈ کی دانشور اور تجزیہ نگار مس لورہ شرمنز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جنھوں نے گذشتہ روز صدارتی سیکرٹریٹ میں ان سے ملاقات کی۔ 

سردار یعقوب نے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ بھارت نے بڑی مارکیٹ اور زیادہ وسائل کے بدولت بین الاقوامی میڈیا کو کنٹرول کر رکھا ہے۔ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، حریت رہنمائوں کو پھانسی اور گمنام اجتماعی قبروں کی دریافت جیسے بڑے واقعات بھی بین الاقوامی میڈیا میں جگہ نہیں بنا پائے۔ مقبوضہ کشمیرمیں عوام پر مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے والے نامور حریت رہنمائوں کو قتل کیا جا چکا ہے لیکن بھارتی حکمرانوں سے پوچھنے والا کوئی نہیں۔ انھوں نے کہا کہ مغربی میڈیا کشمیریوں کی تحریک آزادی اور طویل جدوجہد کے حوالے سے امتیازی سلوک کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ایسے انسانیت سوز واقعات رونما ہوتے ہیں لیکن بین الاقوامی میڈیا اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دیتا۔ صدر آزاد ریاست نے کہا کہ عالمی برادری کو انسانی حقوق کے حوالے سے یکساں پالیسی پر عمل کرنا چاہیے۔ 

مس لورہ شرمنز نے صدر کو بتایا کہ وہ پیکنگ یورنیورسٹی چین میں ریسرچ کر رہی ہیں اور اس وقت انڈونیشیا میں مقیم ہیں۔ کشمیرکے حوالے سے ان کے مضامین اندونیشیا کے اخبار میں تسلسل سے شائع ہوتے ہیں۔ جس میں مقبوضہ کشمیر میں دریافت ہونے والی گمنام اجتماعی قبروں کے علاوہ مغرب کے دورے معیار کی بھی نشاندہی کی جاتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 272799
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش