0
Thursday 27 Jun 2013 10:18

بنوں، بم دھماکہ،امن کمیٹی کا سربراہ بیٹے اور بھتیجے سمیت جاں بحق

بنوں، بم دھماکہ،امن کمیٹی کا سربراہ بیٹے اور بھتیجے سمیت جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ بنوں میں تھانہ ہویدے کے علاقے زندی اکبر خان میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے گاڑی میں سوار حکومت نواز قبائلی رہنما اور امن کمیٹی کے سربراہ ملک ہاشم خان بیٹے اور بھتیجے سمیت جاں بحق ہو گئے۔ بتایا گیا کہ بم کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑایا گیا۔ ادھر پشاور کے علاقے کارخانو مارکیٹ میں 2 نامعلوم افراد نے چیک پوسٹ پر کھڑی پولیس وین پر فائرنگ کر دی جس سے ایس ایچ او حیات آباد میراجان جاں بحق اور انکا ڈرائیور سمیت 4 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

دریں اثناءتحریک طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اے ایف پی کو فون پر بتایا کہ امن کمیٹی کے سربراہ ہاشم خان کو اس لئے نشانہ بنایا کہ وہ طالبان کیخلاف حکومت سے تعاون کر رہے تھے جبکہ ایس ایچ او بھی سرکاری مشینری کا حصہ تھے۔

علاوہ ازیں سوات کے علاقے ڈنڈونو قلعہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے سپیشل پولیس فورس کے اہلکار کو جاں بحق کر دیا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپیرشن شروع کر دیا۔ آئی این پی کے مطابق پاک افغان سرحد پر تحریکِ طالبان پاکستان اور دوسرے عسکریت پسند گروہ کے درمیان شدید جھڑپیں ، سینکڑوں جنگجوو¿ں نے افغانستان کے صوبے ننگرہار اور کنڑ میں تحریک طالبان پاکستان کے ٹھکانوں پر حملہ کردیا، حملہ پسپا کردیا گیا، ایک حملہ آور ہلاک ہو گیا ۔بدھ کو نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ٹی ٹی پی کا کہنا ہے کہ لشکرِ طیبہ، انصارالاسلام (اے آئی)، محمد فورس اور دیگر مقامی ملیشیا نے افغانستان میں پاکستانی طالبان کی پوزیشنز پر مشترکہ حملہ کیا۔

رپورٹس کے مطابق افغان طالبان بھی ان گروپس کی پشت پر موجود تھے تاہم ٹی ٹی پی نے افغان طالبان سربراہ، ملا عمر سے مداخلت کی اپیل کی اور اس کے بعد یہ تصادم تھم گیا۔ ٹی ٹی پی مہمند گروپ کے نگراں مکرم خراسانی نے میڈیا کو بتایاکہ پاک افغان سرحد پر واقع شونگرئی میں سینکڑوں حملہ آوروں نے ٹی ٹی پی کے ٹھکانوں پر دھاوا بول دیا۔ خراسانی نے الزام لگایا کہ لشکرِ طیبہ کے کمانڈر حاجی عبدالرحیم کی قیادت میں یہ حملہ کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 277143
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش