0
Thursday 4 Jul 2013 16:21

مصر، آئینی عدالت کے چیف جسٹس عدلی منصور نے عبوری صدر کا حلف اٹھا لیا

مصر، آئینی عدالت کے چیف جسٹس عدلی منصور نے عبوری صدر کا حلف اٹھا لیا
اسلام ٹائمز۔ مصر میں آئینی عدالت کے چیف جسٹس عدلی منصور نے نئے عبوری صدر کا حلف اٹھا لیا۔ محمد مرسی کو معزولی کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ قاہرہ میں عدلی منصوری نے آج آئینی عدالت کے سربراہ کا حلف اٹھایا، جس کے بعد ان کی عبوری صدر کی تقریب حلف برداری ہوئی۔ عدلی منصور اب مصر کے نئے عبوری صدر بن گئے ہیں۔ فوج کے کمانڈر اِن چیف عبدالفتاح السیسی نے سرکاری ٹی وی پر ملک میں مرسی حکومت کی معطلی کا اعلان کیا تھا۔ اعلان کے بعد صدر محمد مرسی کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ مرسی حکومت کے خاتمے کے بعد ان کے ہزاروں مخالفین سڑکوں پر نکل آئے اور جشن منایا۔ مصر کے مختلف شہروں میں فوج کی بھاری نفری سڑکوں پر گشت کر رہی ہے۔ دوسری طرف صدر مرسی کے حامیوں اور سکیورٹی فورسز میں جھڑپیں بھی ہوئیں جس میں سولہ افراد ہلاک ہوگئے۔ مصر کے تحریر اسکوائر پر اب بھی ہزاروں افراد موجود ہیں۔ مرسی 30 جون 2012ء کو انتخاب میں کامیابی کے بعد مصر کے صدر بنے تھے۔ ان کی صدارت کا پہلا سال سیاسی بے چینی اور معاشی ابتری کی زد میں رہا۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق مصر کے چیف جسٹس عدلی منصور نے عبوری صدر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا، محمد مرسی کی برطرفی کے بعد انہیں فوجی حکم کے ذریعے اس منصب پر فائز کیا گیا۔ قاہرہ میں آئینی عدالت میں عدلی منصور نے خود ہی عبوری صدر کے عہدے کا حلف اٹھایا، فوجی حکم کے مطابق وہ نئے صدر کے انتخاب تک اس عہدے پر رہیں گے، جس کی تاریخ کا اعلان ہونا باقی ہے، مصری مظاہرین کی تعریف کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عوام انقلاب کو واپس درست راستے پر لے آئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 279597
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش