0
Wednesday 24 Jul 2013 19:44

پاکستان کو تباہ و برباد کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، لیاقت بلوچ

پاکستان کو تباہ و برباد کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت ایسے چیئرمین نیب کا جلد از جلد تقرر کرے جو اپوزیشن جماعتوں سمیت قوم کے تمام طبقات کو قبول ہو۔ ملک میں کرپشن عروج پر ہے۔ عوام قومی خزانے سمیت قومی وسائل کو لوٹنے والوں کو عبرتناک سزا سے دوچار ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے زیراہتمام افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھی ریمارکس دیئے ہیں کہ '' موجودہ حکومت بھی شفاف احتساب اور کرپشن کے خاتمے کے لیے سنجیدہ نظر نہیں آتی بلکہ حکومت اور اپوزیشن والے آپس میں گٹھ جوڑ کیے بیٹھے ہیں'' یہ حقیقت واضح ہو گئی ہے کہ دونوں پارٹیاں ایک دوسرے کی کرپشن کو تحفظ دیتی ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ سابقہ دور حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں نے نہ صرف قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹاہے بلکہ ریلوے، پی آئی اے، سٹیل ملز، واپڈا سمیت دیگر قومی اداروں میں کھربوں روپے کی کرپشن کرنے کے علاوہ ان قومی اداروں میں جعلی ڈگریوں کے حامل اور نااہل افراد کو سربراہ بنایا جس سے عالمی سطح پر پاکستان کی بدنامی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کی نیت میں اخلاص ہو تو قومی دولت لوٹنے والوں سے پائی پائی وصول ہوسکتی ہے جس سے ملک کی معیشت میں بہتری آسکتی ہے اور پاکستان آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور دیگر مالیاتی اداروں کی غلامی سے ہمیشہ کے لیے نجات حاصل کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تباہ و برباد کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ ماضی میں جتنی حکومتوں نے بھی نیب کے سربراہ کا تقرر کیا وہ پہلے ہی متنازعہ اور مطلوبہ اہلیت پر پورا نہیں اترتے تھے اسی وجہ سے کرپٹ افسر قانون کی گرفت سے آزاد رہے۔ انہوں نے کہا حکومت حالات کی نزاکت کا ادراک کرتے ہوئے غیر متنازعہ، غیر جانبدار، آئین و قانون کے معیار پر پورا اترنے والی شخصیت کا بطور سربراہ نیب تقرر کرے گی تو اس کی نیک نامی میں بھی اضافہ ہوگا اور کرپٹ افراد بھی قانون کے شکنجے میں آئیں گے اور لوٹی گئی قومی دولت خزانے میں واپس لانے میں مدد ملے گی۔
خبر کا کوڈ : 286486
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش