0
Tuesday 30 Jul 2013 16:59

دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے اگلے 15 سال بہت اہم ہیں، رحمت وردگ

دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے اگلے 15 سال بہت اہم ہیں، رحمت وردگ
اسلام ٹائمز۔ تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ 1979ء میں روس کے افغانستان پر حملے کے وقت اس جنگ کو پاکستان کے مفادات کی جنگ قرار دینے والوں سے ایئر مارشل اصغر خان نے کہا تھا کہ خدارا اس جنگ کا ایندھن نہ بنیں ورنہ امریکی مفادات کی اس جنگ سے ہم 50 سال تک دہشت گردی کا شکار رہیں گے اور وقت نے یہ ثابت کیا ہے کہ اس جنگ سے صرف اور صرف امریکہ کو فائدہ ملا ہے جبکہ پاکستان گزشتہ 35 سال سے دہشت گردی کا شکار ہے اور اگلے 15 سال پاکستان میں دہشت گردی کے حوالے سے بہت اہم ہونگے۔

چیئرمین تحریک استقلال کراچی سٹی عبدالرشید ایڈووکیٹ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے آج اس جنگ کو امریکی جنگ کہنے والے 1979ء میں ایئرمارشل اصغر خان کو روس کا ایجنٹ قرار دیتے تھے اور اس جنگ کو پاکستان کی جنگ کہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ روس کے افغانستان پر حملے کی حماقت کے بعد پروپیگنڈہ کیا گیا کہ روس کی گرم پانیوں پر نظر ہے اور روس سے امریکہ نے ویتنام کی شکست کا بدلہ لینے کے لئے پاکستان کو استعمال کیا اور دنیا بھر سے 45000 مجاہدین کو اس خطے میں جمع کرکے جدید ترین تربیت دیکر روس کے خلاف جنگ میں فتح حاصل کی۔

رحمت وردگ نے کہا کہ اب انہی تربیت یافتہ ’’امریکی طالبان‘‘ کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کرائی جارہی ہے اور امریکی تربیت یافتہ دہشت گرد جیلیں توڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات بالکل طے ہے کہ اصل طالبان ہمیشہ امریکی مفادات پر کاری ضرب لگانے کے لئے برسرپیکار رہتے ہیں جبکہ امریکی طالبان امریکی مفادات کے تحفظ کے لئے پاکستان اور مسلمانوں پر حملوں میں ملوث رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے ذمہ دار امریکی طالبان ہیں جو کسی بھی صورت مسلمان نہیں ہو سکتے۔
خبر کا کوڈ : 288198
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش