0
Wednesday 14 Aug 2013 04:20

وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کا 67 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم کے نام پیغام

وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کا 67 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم کے نام پیغام
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے 67 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی بقاء و سالمیت، جمہوری عمل کے تسلسل اور عوامی حقوق کی پاسداری سے وابستہ ہے۔ حکومت ملک میں امن و امان کی بحالی، انتہاء پسندی و دہشت گردی جیسی برائیوں کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہے۔ ہر قیمت پر ملک کی بقاء اور سالمیت کو یقینی بنائینگے۔ عوام کی زندگی میں خوشحالی لانے، ملک کی عزت و توقیر میں اضافے کیلئے تصور پاکستان کی روشنی میں ملک سے بھوک، افلاس، جہالت، بیروزگاری اور مہنگائی کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں۔ موجودہ جمہوری حکومت کے قیام سے امید نو کا سورج طلوع ہو چکا ہے۔ اپنی غلطیوں کا ازالہ اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفادات کو ترجیح نہ دی تو آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریںگی۔ تمام سیاسی اختلافات، تعصبات اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر اپنی توانائیاں وطن عزیز کی ترقی اور ملک و قوم کے فلاح و بہبود کے لئے وقف کرنا ہونگی۔
 
قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں جس نے ہمیں پاکستان جیسا پیارا ملک عطا کیا۔ انہوں نے ان تمام پاکستانیوں کو بھی مبارکباد دی جو وطن سے دور کہیں آباد ہیں لیکن ان کا دل ہمیشہ پاکستان میں رہتا ہے جو سبز ہلالی پرچم کو اپنی توقیر کا نشان سمجھتے اور اسے دل و جان سے زیادہ عزیز رکھتے ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ہماری پہچان ہے جو ہمیں آسانی سے نصیب نہیں ہوئی، اس کے لئے قربانیوں کی طویل داستان لکھی گئی۔ ان گنت لوگوں نے اس کے لئے اپنا لہو پیش کیا اور لاکھوں لوگوں نے ہجرت کی۔ ہمارے بزرگوں نے ہمارے کل کے لئے اپنا آج قربان کر دیا۔ آج کے دن ہم اپنے ان محسنوں کو یاد کرتے ہیں اور ان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
 
محمد نواز شریف نے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت کے قیام سے اُمید نو کا سورج طلوع ہو چکا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ جو پاکستان کی بانی جماعت ہے وطن عزیز کی تعمیر نو اور ترقی و خوشحالی کے لئے ایک نئے عزم اور ولولے کے ساتھ بر سر اقتدار آئی ہے اور اس بات پر پختہ یقین رکھتی ہے کہ پاکستان کی بقاء و سالمیت، جمہوری عمل کے تسلسل اور عوامی حقوق کی پاسداری سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ تصور پاکستان کی روشنی میں ملک سے بھوک اور افلاس، جہالت، بے روزگاری اور مہنگائی کا خاتمہ ہو تاکہ عوام کی زندگی میں خوشحالی آئے اور ملک کی عزت و توقیر میں اضافہ ہو۔
 
وزیراعظم نے کہا کہ یوم آزادی ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنے ماضی سے حاصل کئے گئے سبق کی روشنی میں اپنے مستقبل کا لائحہ عمل تیار کریں۔ اگر آج ہم نے اپنی غلطیوں کا ازالہ نہ کیا، اپنی سمت درست نہ کی اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفادات کو ترجیح نہ دی توآنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریںگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی آنے والی نسلوں کو ایک پُرامن، توانا اور خوشحال پاکستان منتقل کرنا ہے جس میں وہ عزت سے زندگی گزار سکیں۔ اس مقصد کے لئے قوم میں یکجہتی اور یگانگت کی اشد ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم انشاءاللہ عوام کے بھرپور تعاون اور تائید و حمایت سے تمام مشکلات پر نہ صرف قابو پائیں گے بلکہ وطن عزیز کو عوامی خواہشات کے مطابق ترقی اور خوشحالی کی راہ پرگامزن کریںگے۔
 
اپنے پیغام میں پاکستانی وزیراعظم محمد نواز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ آج ہم اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم تمام سیاسی اختلافات، تعصبات اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر اپنی توانائیاں وطن عزیز کی ترقی اور ملک و قوم کے فلاح و بہبود کے لئے وقف کریںگے اور پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی اس منزل پر فائز کریں گے جس کا تصور علامہ اقبال نے پیش کیا تھا اور جس کی ابتداء قائداعظم نے کی تھی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر قائداعظم کے وہ الفاظ دہرائے جو انہوں نے 23 مارچ 1944ء یوم پاکستان کے موقع پر ادا کئے تھے۔ ”آیئے ہم یوں پرُاُمید ہو کر آگے قدم بڑھائیں کہ ہمارے دلوں میں یقین، ہماری صفوں میں اتحاد اور ہمارے کاموں میں نظم و ضبط ہو۔ اگر ایسا ہوا تو مجھے کامیابی کا پورا یقین ہے۔“
خبر کا کوڈ : 292233
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش