0
Tuesday 20 Aug 2013 10:42

پاک بھارت مذاکراتی عمل میں کشمیریوں کی شرکت ضروری ہے، میر واعظ

پاک بھارت مذاکراتی عمل میں کشمیریوں کی شرکت ضروری ہے، میر واعظ
اسلام ٹائمز۔ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے زیراہتمام تحریک آزادی کشمیر کے ممتاز رہنما شیخ عبدالعزیز کی برسی کے موقع پر آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے ٹیلی فونک خطاب کرے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ میں وزیراعظم چوہدری عبدالمجید اور ان کی جماعت نے تحریک آزادی کشمیر کو موثر طریقے سے اجاگر کیا ہے۔ اس سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کے بھی شکرگزار ہیں جو کشمیریوں کو اخلاقی سپورٹ مہیا کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاک بھارت مذاکراتی عمل میں کشمیری عوام کو بھی شریک کیا جائے کیونکہ یہ انسانی حقوق کا معاملہ ہے۔ کشمیری عوام اپنے حق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور اس جدوجہد کو طاقت کے ذریعے ختم کرنا ممکن نہیں۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ آزاد خطہ کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد آزادی کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اس سے قبل برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری پاک بھارت تعلقات کے خلاف نہیں مگر کشمیریوں کے خون پر پاک بھارت دوستی قبول نہیں کی جا سکتی۔ آزاد کشمیر کا اقتدار شہداء کی امانت ہے۔ شہداء کی قبروں پر سیاسی محلات نہیں بنا سکتا اور نہ ہی کسی کو شہداء کے خون پر سیاست کرنے دوں گا۔ بھارت ایک قابض اور غاصب ملک ہے۔ بھارت کے خلاف بین الاقوامی عدالت انصاف میں مقدمات درج کروائیں گے۔ چوہدری مجید نے کہا کہ میری زندگی اور میرے خون کا آخری قطرہ تحریک آزادی کشمیر کے لیے وقف ہے۔ کشمیر ہمارا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے۔ آر پار کی قیادت کی مشاورت سے مسئلہ کشمیر کو انٹرنیشنلائیز کر رہے ہیں۔ کشمیری شہداء کا مقدس لہو رنگ لا کر رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 294057
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش