0
Tuesday 20 Aug 2013 21:28

افغانستان میں امن کے بغیر خیبر پختوںخوا ترقی نہیں کرسکتا، پرویز خٹک

افغانستان میں امن کے بغیر خیبر پختوںخوا ترقی نہیں کرسکتا، پرویز خٹک
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختوںخوا کے وزیراعلٰی پرویز خٹک نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام کے بغیر خیبر پختوںخوا صحیح معنوں میں ترقی نہیں کرسکتا۔ افغان جنگ نے پشاور اور کابل کے مابین سالہا سال سے جاری تجارت اور کاروبار کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کے روز اپنے دفتر میں پشاور میں متعین امریکی قونصل جنرل رابرٹ جی ریڈ کی زیر قیادت امریکی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد کے دیگر اراکین میں مسٹر ایوان ٹی فیلسنگ، رچرڈ البرائٹ، گریگوری ہوگر شامل تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور اعلٰی صوبائی حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال، ترقیاتی اور معاشی پیش رفت کے امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ پرویزخٹک نے کہا کہ خیبر پختوںخوا ساحل سمندر سے 1000 کلومیٹر دور ہے۔ دوسری طرف خام مال اور فنی افرادی قوت کی کمی ہے۔ صوبے میں معاشی ترقی کا انحصار افغانستان کے ساتھ تجارت اور کاروبار پر ہے۔ مگر بدقسمتی سے 3 دہائیوں پر مشتمل افغان جنگ نے خیبر پختوںخوا کی معیشت کو بے حد نقصان پہنچایا ہے۔ ہمارے پاس کارخانے نہیں، مزدور بے روزگار ہیں اور ہماری تجارتی سرگرمیاں منجمد ہوکر رہ گئیں۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ ان کی حکومت نے وفاقی حکومت سے کہا ہے کہ ہمیں افغانستان میں تجارتی اور کاروباری مراکز قائم کرنے کی اجازت دی جائے۔ وزیراعلٰی نے وفد کو بتایا کہ ہم شفافیت اور انصاف پر مبنی نظام قائم کر رہے ہیں۔ انتظامی اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا جا رہا ہے اور ہر سطح پر احتساب کو یقینی بنائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 294276
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش