0
Thursday 22 Aug 2013 02:17

شہباز شریف کے اغوا کا منصوبہ ناکام، ماسٹر مائنڈ رائےونڈ سے گرفتار

شہباز شریف کے اغوا کا منصوبہ ناکام، ماسٹر مائنڈ رائےونڈ سے گرفتار
اسلام ٹائمز۔ حساس ادارے اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کے اغوا کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کارکن عثمان کو حراست میں لے لیا ہے۔ گرفتار دہشت گرد اور منصوبے کے ماسٹر مائنڈ قاری عبید الیاس عرف عثمان نے گرفتاری کے بعد پولیس کو بیان دیتے ہوئے بتایا کہ اس نے اپنے 2 ساتھیوں قاری عمران اور قاری اسلم یاسین عرف اسامہ کی مدد سے شہباز شریف کو اغوا کرنے کا پلان تیار کیا تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ پنجابی طالبان گروپ کے کمانڈروں نے جنوبی وزیرستان سے ایک خاتون سمیت 4 دہشت گردوں کو اس کے پاس بھجوایا تھا جنہوں نے لاہور میں جاتی عمرہ میں وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کو اغوا کرنے کے لئے ریکی کر رکھی تھی، جبکہ اغوا کا مقصد جیل میں بند اپنے گرفتار ساتھیوں کی رہائی تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق عثمان اور اس کے دونوں ساتھیوں کا تعلق پنجابی طالبان گروپ سے ہے، عبید الیاس اور اسلم یاسین تحریک طالبان پاکستان اور القاعدہ سے بھی رابطے میں ہیں، جبکہ ملزم عبید الیاس عثمان کو رائے ونڈ روڈ کے ایک مدرسے سے حراست میں لیا گیا جہاں وہ جاوید عرف صوفی کو ملنے گیا تھا۔ دہشت گرد کی گرفتاری کے بعد شریف خاندان کے افراد کی سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔

دوسری جانب مبصرین کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو سزاوں کے حوالے سے نواز لیگ کے سخت موقف کی وجہ سے انہیں دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے شدید دبائو کا سامنا ہے، اس کے ساتھ ساتھ سکیورٹی اداروں کو بھی دہشت گردوں کے دبائو کا سامنا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے تمام اداروں میں اپنے بندے رکھے ہوئے ہیں جو انہیں تمام معلومات فراہم کرتے ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے جان چھڑوانے کا یہ سنہری موقع ہے، اگر اب حکومت اور قومی اداروں نے دہشت گردوں کا دبائو مسترد کردیا اور انہیں سزائیں دے دی گئیں تو دہشت گردوں کے غبارے سے ہوا نکل جائے گی اور ان کی کمر ٹوٹ جائے گی۔ مبصرین نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے موقف پر ڈٹی رہے۔
خبر کا کوڈ : 294678
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش