0
Tuesday 27 Aug 2013 11:14

کنٹرول لائن پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کھلی دہشتگردی ہے، لارڈ نذیر

کنٹرول لائن پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کھلی دہشتگردی ہے، لارڈ نذیر
اسلام ٹائمز۔ برطانیہ کے دورے پر گئے ہوئے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر یوتھ ونگ کے مرکزی چیئرمین ملک محمد حنیف نے لارڈ نذیر احمد، صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) برطانیہ زبیر گل اور بیرسٹر عابد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی رہنمائوں نے پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر گفتگو کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر فائرنگ نہ صرف کھلی دہشت گردی ہے بلکہ معاہدہ جنگ بندی کی خلاف ورزی بھی جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کی بات ہو یا سندھ طاس معاہدہ ہو بھارت نے ہمیشہ اپنے وعدوں سے رو گردانی کی ہے اور پاکستان کے ساتھ ہر دور میں جھوٹ پر مبنی مذاکرات کیے ہیں۔ 

لارڈ نذیر احمد نے محمد حنیف ملک اور زبیر گل سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان میں اس وقت مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے توقع کرتے ہیں کہ وہ پچھلے دور حکومت کی غلطیوں کو نہ دوہراتے ہوئے پاکستان کو بہتری کی جانب لے جانے کیلئے بہتر اقدامات اٹھائیں گے۔ بالخصوص پاکستان کے سب سے بڑے مسئلے انرجی بحران کو حل کرنے کے لیے کوششیں تیز کرتے ہوئے جلد از جلد حل کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک طرف اندورونی مسائل کا سامنا ہے جس میں پاکستان کی لیڈر شپ خود بھی قصور وار ہے اور دہشت گردی جو اس وقت پاکستان کے اندر ہو رہی ہے پاکستان کی معاشی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے جس کے حل کیلئے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کو مل کر کام کرنے ضرورت ہے اور پاکستانی قیادت کو ملکی اور قومی مفاد کیلئے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

مرکزی چیئرمین مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر یوتھ ونگ ملک محمد حنیف نے کہا کہ کنٹرول لائن پر بھارتی افواج کی جانب سے فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں اور وطن واپسی پر میں ذاتی طور پر اظہار یکجہتی کیلئے پورا ایک دن اپنی پاک افواج کے ساتھ گزاروں گا۔ انھوں نے کہا کہ صدر جماعت و سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان ہمارے قائد ہیں اور ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ سیاسی اور جماعتی فیصلوں میں بعض اوقات غلط فہمیاں جہنم لیتی ہیں اور قیادت کے ساتھ پائی جانے والی چند غلط فہمیوں کو جلد حل کر لیں گے۔ اس موقع پر صدر پاکستان مسلم لیگ ن برطانیہ زبیر گل نے کہا کہ ملک محمد حنیف ایک با صلاحیت اور محنتی سیاسی ورکر ہیں اور بطور چیئرمین یوتھ ونگ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر اس عہدے پر یہ پورے اترتے ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ ملک محمد حنیف اپنی اعلی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر آزاد کشمیر کے اندر یوتھ انگ کو بہتر بناتے ہوئے نوجوانوں کو سیاست میں محترک کریں گے اور جماعت کی بہتری کیلئے کام کریں گے۔ اس موقع پر بیرسٹر عابد حسین اور دیگر سیاسی زعماء بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 295892
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش