0
Monday 2 Sep 2013 13:33

شام کیجانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال پر مبنی امریکی ثبوت اطمینان بخش نہیں ہیں، سرگئی لاوروف

شام کیجانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال پر مبنی امریکی ثبوت اطمینان بخش نہیں ہیں، سرگئی لاوروف
اسلام ٹائمز۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ کی طرف سے فراہم کردہ اطلاعات، جن میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ شام کی سکیورٹی فورسز نے کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے، یہ اطلاعات بہت زیادہ مبہم، غیر واضح اور غیر شفاف ہیں۔ روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ اطلاعات روس کو مطمئن کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ ایران کے خبر رساں ادارے فارس نیوز نے نیوز ایجنسی «ایتارتاس» کے حوالے سے لکھا ہے کہ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے آج ماسکو میں روسی وزارت خارجہ کی زیر نظر چلنے والی انٹرنیشنل ریلیشن یونیورسٹی کے نئے تعلیمی سال کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے شامی سکیورٹی فورسز کی طرف سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے جو ثبوت روس کو فراہم کئے ہیں، ان میں کوئی بھی چیز واضح اور شفاف نہیں ہے۔
 
لاوروف نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امریکہ نے ایسی رپورٹس اور دستاویز فراہم کی ہیں، جن میں کوئی خاص چیز واضح نہیں ہے۔ ان رپورٹس میں کوئی جغرافیائی نقشہ یا کسی بھی علاقے کا نام موجود نہیں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان رپورٹس میں بہت سے مسائل اور سوالات کا کوئی جواب موجود نہیں ہے، ان رپورٹس کے بارے میں بہت سے ابہامات موجود ہیں اور ایسی کوئی اطلاعات نہیں ہیں جو یہ ثابت کرسکیں کہ واقعاً شامی سکیورٹی فورسز نے کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے۔ لہذا ان اطلاعات نے روسی حکام کو بالکل بھی مطمئن نہیں کیا۔ سرگئی لاوروف نے اپنے امریکی ہم منصب جان کیری کے ان اظہارات کو بہت عجیب قرار دیا، جس میں امریکی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ امریکہ نے شامی فوجوں کی طرف سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے ناقابل انکار ثبوت روس کو فراہم کئے ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ امریکی ماہرین نے شام سے ایسے نمونے حاصل کئے ہیں، جن کے تجزیہ و تحلیل سے یہ بات ثابت ہو جاتی ہے کہ دمشق کے اطراف کے کچھ علاقوں پر کیمیائی حملہ کیا گیا ہے۔ جان کیری کے عقیدہ کے مطابق اس سے یہ بات ثابت ہو جاتی ہے کہ شامی سکیورٹی فورسز نے اپنے مخالفین کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے۔
 روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق وہ اسلحہ جو غیر قانونی طور پر لیبیا سے خارج ہوتا ہے، وہ اس خطے کے کم از کم بارہ ممالک میں ارسال کیا جاتا ہے اور اس مسئلے نے مشرق وسطٰی کے امن و امان اور استحکام کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 297743
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش