0
Wednesday 4 Sep 2013 16:16

دہشت گردوں کے خلاف کراچی سمیت ملک بھر میں فوری فوجی آپریشن کیا جائے، علامہ صادق تقوی

دہشت گردوں کے خلاف کراچی سمیت ملک بھر میں فوری فوجی آپریشن کیا جائے، علامہ صادق تقوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی نے وزیر اعظم نواز شریف اور وفاقی کابینہ کی کراچی میں موجودگی کے دوران تین شیعہ عمائدین کو ہدف بنا کر قتل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نواز حکومت کی ناکام انسداد دہشت گردی پالیسی کا شاخسانہ ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکریٹریٹ میں ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک دشمن آئین دشمن جمہوریت دشمن اور انسانیت دشمن دہشت گردوں سے مذاکرات کرکے انہیں منانے کی کوششوں پر مبنی پالیسی کا نتیجہ ہے کہ ان کی اور ان کی کابینہ کی شہر میں موجودگی کے باوجود تین پرامن شیعہ شہریوں کو دہشت گردوں نے با آسانی قتل کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تین پرامن شیعہ عمائدین کے قتل کی براہ راست ذمہ داری ناکام وزیر اعظم اور ناکام کابینہ پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن دہشت گردوں نے بقول حکومت کے چالیس ہزار پاکستانیوں کا قتل عام کیا ہے کیا ان کو معافی دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اخلاقی اور شرعی طور پر یہ اختیار نہیں رکھتے کہ چالیس ہزار پاکستانی شہداء 4 کے قاتلوں کو معاف کردیں۔ ان شہداء 4 کی جانیں پاکستان کی بہتری کے لئے قربان ہوئی ہیں اور ان کے قاتلوں سے قصاص لینا حکومت پر لازم ہے۔

علامہ صادق رضا تقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے بجائے ان سے مذاکرات کرنا ان شہدائے پاکستان کے مقدس لہو سے غداری کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا یہ بیان ریکارڈ پر ہے جس میں مطالبات نہ ماننے کی صورت میں نواز لیگ کی دو بڑی اور اہم شخصیات کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔ جو دہشت گرد بری افواج کے ہیڈ کوارٹر، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی اہم حساس تنصیبات، اولیائے خدا کے مزارات اور شیعہ و سنی علمائے کرام تک کو دہشت گردی کا نشانہ بنا چکے ہیں، ان سے کس خیر کی توقع کی جارہی ہے۔ علامہ صادق رضا تقوی نے مطالبہ کیا کہ کالعدم دہشت گردوں کے خلاف کراچی سمیت ملک بھر میں فوری فوجی آپریشن کیا جائے ورنہ نواز شریف اور ان کی حکومت کو ملک بھر میں شیعہ عمائدین سمیت ہر پاکستانی کی شہادت کا براہ راست ذمہ دار قرار دیا جائے گا اور مقدمہ بھی ان کے خلاف درج کرانے کی نوبت آسکتی ہے لہٰذا بہتر یہی ہے کہ وہ اس جنگ میں پاکستانی قوم کی نمائندگی کریں نہ کہ دہشت گردوں کی طرف داری۔
خبر کا کوڈ : 298542
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش