0
Friday 13 Sep 2013 19:30

ٹارگٹڈ آپریشن کی آڑ میں ایم کیو ایم کو دیوار سے لگایا جارہا ہے، فیصل سبزواری

ٹارگٹڈ آپریشن کی آڑ میں ایم کیو ایم کو دیوار سے لگایا جارہا ہے، فیصل سبزواری
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ ٹارگٹڈ آپریشن کی آڑ میں ایم کیو ایم کو دیوار سے لگایا جارہا ہے۔ کراچی میں پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ ہم ہر صورت میں کراچی کا امن چاہتے ہیں لیکن ہمیں دیوار سے لگایا جارہا ہے، ماضی میں بھی مہاجروں کی نسل کشی کی گئی اور آج بھی کی جارہی ہے لیکن ہم نے ہر زیادتی کا جواب سیاسی انداز میں دیا اور اب بھی ایسا ہی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مجرموں کے خلاف ہر قسم کی کارروائی کے حق میں ہیں لیکن آپریشن کا رخ ایم کیو ایم کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔ فیصل سبزواری نے کہا کہ ایم کیو ایم کے خلاف ماضی میں بھی آپریشن کا شوق پورا کیا گیا اور اس بار بھی کرلیں لیکن انہیں اس میں ناکامی ہی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کھلے عام راکٹ داغ رہے ہیں مگر قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش ہیں، ایم کیو ایم کے خلاف آپریشن کرنے والے بتائیں کہ تاجروں کو بھتے کی پرچیاں کون بھیج رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دراصل کسی کی خواہش پر آپریشن کو سیاسی رخ دیا جارہا ہے اور مجرموں کی سرکاری سرپرستی کی جارہی ہے، ایم کیو ایم شہر کا امن تباہ کرنے والوں کو پکڑنے کے حق میں ہے لیکن مجرمان کے خلاف کارروائی بلاامتیاز ہونی چاہئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم مہاجروں پر کئے گئے مظالم کا حساب مانگنے کے لئے باہر نکل آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی پاکستان سے محبت کا دعویٰ کرتا ہے اسے کراچی سے بھی محبت کرنا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے ان 85 فیصد علاقوں میں آپریشن شروع کیا گیا ہے جہاں ایم کیو ایم کا مینڈیٹ ہے لیکن جہاں جرائم پیشہ، دہشت گرد بستے ہیں وہاں کارروائی سے گریز کیا جارہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 301490
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش