0
Monday 23 Sep 2013 20:03

پشاور، پشاوردھماکے کے خلاف مُلک میں 3 روزہ سوگ

پشاور، پشاوردھماکے کے خلاف مُلک میں 3 روزہ سوگ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ایک گرجاگھر پر اتوار کو ہونے والے دو خودکش حملوں میں ہلاک شدگان کی تعداد 80 ہو گئی ہے جبکہ 50 سے زائد زخمیوں میں سے 10 کی حالت نازک ہے۔ یہ دھماکے اتوار کی صبح اس وقت ہوئے جب مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد دعائیہ تقریب کے لیے آل سینٹس کیتھیڈرل نامی چرچ میں جمع تھے۔
حکام کے مطابق لوگ عبادت کے بعد گرجا گھر سے باہر نکل رہے تھے کہ دھماکے ہوئے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکوں کے وقت جائے وقوع پر 5 سے6 سو افراد موجود تھے۔ میڈیا کے نامہ نگار کے مطابق پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ ان دھماکوں میں 80 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ موقع پر ہی دم توڑ دینے والے مزید 8 سے دس افراد کی لاشوں کو ہسپتال لایا ہی نہیں گیا۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے حکام کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں کل 206 افراد لائے گئے جن میں سے 78 چل بسے جبکہ 56 کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا اور باقی زخمی ابھی ہسپتال میں ہیں جن میں سے 10 کی حالت نازک ہے۔

حکام کے مطابق مرنے ولوں میں 24 خواتین اور 7 بچے بھی شامل ہیں۔ خود کش حملہ آوروں نے چرچ کے داخلی دروازے کے قریب جس مقام پر دھماکے کیے وہاں دیوار کے ساتھ بڑی تعداد میں خواتین اور بچے کھڑے تھے کیونکہ اس وقت وہاں کھانا تقسیم ہو رہا تھا۔ ان دھماکوں کے عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا کہ 2 خودکش حملہ آور چرچ کے بڑے دروازے سے داخل ہوئے تھے اور انہوں نے تقریباً 2 منٹ کے وقفے سے اپنے آپ کو اڑایا۔ دونوں حملہ آوروں کے درمیان فاصلہ 5 سے 6 فٹ تک تھا اور چرچ کے صحن میں اس کے واضح نشانات دیکھے جا سکتے ہیں۔ ادھر ہلاک شدگان کی تدفین کا عمل اتوار کی رات بھر جاری رہا اور شہر کے 3 قبرستانوں وزیر باغ، گورا قبرستان اور شریف آباد قبرستان میں 80 افراد کو سپردِ خاک کر دیا گیا ہے۔ وفاقی اور خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے اس واقعے پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے جبکہ ملک کے مشنری سکول بھی 3 دن تک بند رہیں گے۔ یہ حملہ پاکستان کی تاریخ میں عیسائی برادری پر ہونے والے بدترین حملوں میں سے ایک ہے اور دھماکوں میں ہلاکتوں کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں مسیحیوں نے مظاہرے بھی کیے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 304691
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش