0
Friday 9 Jul 2010 07:50

افسوس دہشت گردوں کو شرعی تحفظ دینے والے علماء کی بھی کمی نہیں،ڈاکٹر طاہرالقادری

افسوس دہشت گردوں کو شرعی تحفظ دینے والے علماء کی بھی کمی نہیں،ڈاکٹر طاہرالقادری
کراچی:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ پارلیمینٹ ناکام ہو چکی اور یہ سب سے بڑی مجرم ہے۔میڈیا پارلیمینٹ کا کردار ادا کر کے قوم کو رہنمائی دے رہا ہے،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے چیف جسٹس کی سربراہی میں نیشنل کمیشن بنایا جائے۔میڈیا اس نظام کیخلاف بھی آواز بلند کرے جس نے کرپشن کو تحفظ دے رکھا ہے۔
انہوں نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا دہشت گردوں کو شرعی تحفظ فراہم کرنے والے علما کی بھی کمی نہیں ہے۔میڈیا دہشت گردوں کو تحفظ دینے والوں کو بھی بے نقاب کرے۔پارلیمنٹ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے 14 دن کا سیشن بلائے،سب کو معلوم ہے کہ دہشت گردی کی فکری آبیاری کہاں سے ہو رہی ہے،ان کی نرسریاں کون چلا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیرون ملک سے تحریک منہاج القرآن کی مرکزی مجلس شوری کے اختتامی اجلاس سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں دہشت گردوں کو تحفظ دینے والے بیٹھے ہیں۔بتایا جائے کہ اسلحہ کہاں سے کس کے ذریعے پنجاب میں پہنچ رہا ہے،پکڑے گئے پچاسوں دہشت گردوں سے کی گئی تفتیش کا کیا ہوا؟کون سے نادیدہ ہاتھ ہیں جو سامنے نہیں آنے دیتے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے داتا دربار پر حالیہ دہشت گردی کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کی لہر تیزی سے پھیل رہی ہے اور اس کو روکنے کے لیے حکمران سمیت پارلیمنٹ بھی ناکام ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی لہر کو روکنے والا کوئی نہیں ہے بلکہ دہشت گردوں کو تحفظ دینے والے پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ممبران قومی اسبملی اور صوبائی اسمبلی کو علم ہے کہ ان کے حلقے میں کون دہشت گردوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے، مگر انہوں نے مجرمانہ چپ سادھ رکھی ہے۔وہ اسمبلیوں میں گونگے بن کر بیٹھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ مفادات کا قیدی بن کر سو رہی ہے اور سیاست دانوں نے سیاسی اور ذاتی مفادات کی خاطر پوری قوم کو لقمہ اجل بنا دیا ہے۔دہشت گردی کا مسئلہ کبھی پارلیمنٹ میں ڈسکس نہیں ہوا،دہشت گردی کا عفریت ملک کو کھا گیا،مزارات،مارکیٹیں،سرکاری ادارے،سکول تک دہشت گردی سے محفوظ نہیں رہے۔ایسے میں ملک کو صومالیہ،ایتھوپیا اور افغانستان بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاستدان کرپشن کا بازار گرم کرتے ہیں تو فوجی آمر آ جاتا ہے۔جنرل مشرف نے 9 سالوں میں ملک کی سالمیت،خود مختاری اور قومی غیرت کا سودا کر کے اسے کالونی بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران اس دن سے ڈریں اور وہ دن دور نہیں،جب قوم گھروں سے باہر نکل آئے اور پھر کچھ نہیں بچے گا۔انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ہمیشہ سے دنیا کے کسی بھی خطے میں دہشت گردی کے خلاف ہے اور آج بھی ہم دہشت گردوں اور دہشت گردی کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔دہشت گردی کرنے والے اور اس میں ملوث افراد نہ مسلمان اور نہ ہی اسلام سے ان کا کوئی واسطہ ہے۔ اس لیے آج حکومت کو دہشت گردوں کو جڑ سے کچلنا ہو گا۔


خبر کا کوڈ : 30530
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش