0
Tuesday 8 Oct 2013 10:41

کشمیریوں کے حق خودارادیت کی ہر فورم پر حمایت کریں گے، الطاف حسین

کشمیریوں کے حق خودارادیت کی ہر فورم پر حمایت کریں گے، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کی مرضی کے بغیر مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نکالا نہیں جا سکتا۔ ایم کیو ایم لندن سیکرٹریٹ میں رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے۔ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق حق خودارادیت میں مضمر ہے۔ کشمیری مسلمہ جمہوری اصولوں اور عالمی قوانین کے مطابق اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کا حق رکھتے ہیں جس کے لیے وہ جدوجہد کر رہے ہیں۔ 

انھوں نے کہا کہ بھارتی افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر مظالم قابل مذمت اور عالمی برادری کی ان مظالم پر خاموشی افسوسناک ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم ہر محاذ پر کشمیر عوام کی تحریک آزادی کی اخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔ انھوں نے رابطہ کمیٹی کے اراکین سے کہا کہ دنیا بھر میں ایم کیو ایم کے ممبران، کارکنان اور ہمدردان بھارتی مظالم بے نقاب کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ اجلاس میں آزاد کشمیر ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر طاہر کھوکھر نے بھی شرکت کی۔ 

رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے پارلیمانی لیڈر طاہر کھوکھر نے قائد ایم کیو ایم الطاف حسین کی جانب سے کشمیری عوام سے ہمدردی، پیار، محبت اور تحریک آزادی کی غیر مشروط حمایت پر کشمیری قوم کی جانب سے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو اہم ہی واحد تحریک ہے جس نے ہمیشہ کسی مصلحت کا شکار ہوئے بغیر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت کی ہے۔ 8 اکتوبر کا زلزلہ ہو یا اس کے بعد کوئی اور ناگہانی آفت ایم کیو ایم نے کشمیری عوام سے محبت کا عملی ثبوت دیتے ہوئے بھرپور وسائل فراہم کیے اور عوام کی دل کھول کر مدد کی جس کو کشمیری عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ 

طاہر کھوکھر نے کہا کہ پاکستان میں مقیم اور دنیا بھر میں آباد کشمیری عوام متوسط طبقہ کی تحریک ایم کیو ایم کو امید کی کرن سمجھتے ہیں اور قائد تحریک کے فکر وفلسفہ کے مطابق تحریک کے لیے کسی بھی قربانی کے لیے تیار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 309188
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش