0
Thursday 10 Oct 2013 12:09

بھارت مسئلہ کشمیر کےحل میں تاخیری حربوں سے کام نہ لے، عبدالمجید

بھارت مسئلہ کشمیر کےحل میں تاخیری حربوں سے کام نہ لے، عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ برطانیہ انسانی حقوق کا علمبردار ہے اور تقسیم ہند فارمولے کا اہم فریق ہے۔ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کرائے اور کشمیریوں کو بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ برطانوی پارلیمنٹ نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جو بحث کی اس پر ممبران برطانوی پارلیمنٹ کے شکرگزار ہیں۔ برطانیہ کی سیاسی جماعتیں اور برطانوی عوام مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لیں اور قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی بند کرائیں۔ 

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ برصغیر جنوبی ایشیاء کا امن کشمیر کے حل سے مشروط ہے جب تک کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق یہ مسئلہ حل نہیں ہو سکتا اس ریجن میں مستقبل امن کا قیام ممکن نہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں مسئلہ کشمیر کے حل کا بہترین روڈ میپ ہیں۔ بین الاقوامی دنیا ان قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے بھارت پر اپنا دبائو بڑھائے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت نے اقوام متحدہ میں ان قراردادوں کو تسلیم کر رکھا ہے اور اب وہ ان قراردوں سے انحراف کر رہا ہے اور ان قراردادوں پر عملدرآمد کے حوالے سے تاخیری حربے اختیار کر رہا ہے اور طاقت کے ذریعے مسئلہ کشمیر حل کرنا چاہتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایوان وزیراعظم مظفرآباد میں سائوتھمپئن ٹیسٹ کنزرویٹو ایسوسی ایشن یوکے کے ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔

برطانوی وفد کے سربراہ نے کہا کہ کشمیر انسانی حقوق کا مسئلہ ہے اور وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت  کے سب سے بڑے سپورٹر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کے پبلک ہیلتھ اور ایجوکیشن سسٹم سے وہ بہت متاثر ہوئے ہیں۔ اس قبل وزیراعظم آزاد کشمیر نے ایمنسٹی انٹرنیشنل سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کرائے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کی آٹھ لاکھ پیراملٹری فورسسز نے کشمیریوں کی منظم نسل کشی شروع کر رکھی ہے جو انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور مہذب دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کی حکومت اور عوام بھارت کو ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کےحقوق کو غصب نہیں کرنے دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 309887
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش