0
Thursday 17 Oct 2013 12:39

امریکہ کا اقتصادی بحران ٹل گیا، کانگریس سے بل منظور، باراک اوباما نے دستخط کر دیئے

امریکہ کا اقتصادی بحران ٹل گیا، کانگریس سے بل منظور، باراک اوباما نے دستخط کر دیئے
اسلام ٹائمز۔ امریکہ میں اقتصادی بحران کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ شٹ ڈاوٴن کے خاتمے اور قرض کی حد بڑھانے کا بل کانگریس سے منظور کرلیا گیا، صدر اوباما کے دستخط کے بعد یہ بل قانون بن گیا ہے۔ امریکہ میں مالیاتی بل پر حکومت اور اپوزیشن کے تنازع کے باعث یکم اکتوبر سے کئی سرکاری ادارے بندش کا شکار تھے۔ قرض کی حد میں اضافے کی ڈیڈ لائن بھی قریب آرہی تھی جس کی وجہ سے امریکہ کو نادہندگی کا خطرہ تھا اور امریکہ سمیت دنیا بھر کی معیشت پر بحران کا سایہ منڈلا رہا تھا۔ 16 دن کی محاذ آرائی کے بعد ری پبلکن اور ڈیموکریٹ مفاہمتی راستہ نکالنے پر آمادہ ہوئے اور شٹ ڈاوٴن کے خاتمے اور قرض کی حد میں اضافے کا بل سینیٹ اور ایوان نمایندگان سے منظور کرلیا گیا۔ کانگریس کی منظوری کے بعد امریکی صدر بارک اوباما نے بل پر دستخط کردیئے، جس کے بعد امریکہ میں جاری اضطراب کی لہر کا خاتمہ ہوگیا۔ وائٹ ہاوٴس میں صحافیوں سے مختصر خطاب میں صدر باراک اوباما نے کہا کہ ڈیموکریٹس اور ریپبلکن کو ملک کو آگے لے جانے کیلئے اسی طرح اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اراکین کانگریس کی ترجیح سیاست نہیں بلکہ ملکی مفاد ہونا چاہیے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق دو ہفتوں سے جاری شٹ ڈاون کے خاتمے کے لئے سینیٹ میں ووٹنگ ہوئی، بل کی حمایت میں 81 اور مخالفت میں 18 ووٹ ڈالے گئے۔ اب امریکی حکومت 15 جنوری تک عارضی بجٹ کے ذریعے حکومتی ادارے بحال کرے گی۔ بل کی منظوری سے قبل ریپبلکن اور ڈیموکریٹس کے درمیان معاہدہ ہوا، صدر اوباما نے بل پاس کرنے پر ڈیموکریٹس اور ری پبلکن کا شکریہ ادا کیا۔ سینٹ سے منطوری کے بعد بل کو کانگریس میں پیش کیا گیا۔ ایوان نمائندگان میں بل کے حق میں 285 اور مخالفت میں 144 ووٹ ڈالے گئے۔ یوں سینٹ کے بعد کانگریس نے بھی بل کی منظوری دے دی۔ امریکی صدر کے دستخط کے بعد بل امریکی قانون کا حصہ بن گیا ہے۔ بل منطوری کے بعد امریکی صدر نے تمام حکومتی ملازمین کو اپنے کام پر واپس آنے کی ہدایت کر دی ہے۔
خبر کا کوڈ : 311705
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش