0
Tuesday 22 Oct 2013 00:10

حکمران ٹولہ امریکہ اور اس کے حواریوں کو راضی کرنے میں لگا ہوا ہے، ڈاکٹر وسیم اختر

حکمران ٹولہ امریکہ اور اس کے حواریوں کو راضی کرنے میں لگا ہوا ہے، ڈاکٹر وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک اور دین سے محبت کرنے والی جماعت ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ ملک میں اسلامی نظام کے بغیر کوئی نظام کامیاب نہیں ہو سکتا۔ اسکا ثبوت 65 سالہ جمہوریت اور آمریت پرمبنی دور حکومت ہے۔ موجودہ نظام سے عوام نے بار بار دھوکہ کھایا ہے۔ لوگ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کا بھرپور ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیرت النبی(ص) کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاکہ ہماری زندگی کا مقصد اﷲ رب العزت کی بندگی اور رسول کی سنتوں پر عمل کرنا ہے۔ قرآن پاک میں جو نظام بتایا گیا ہے وہی انصاف پر مبنی ہے۔ جب تک قرآن کا نظام اس ملک میں نافذ نہیں ہوگا عدل و انصاف کبھی قائم نہیں ہوسکتا۔ ہمیں مکمل یکسوئی کے ساتھ قرآن کے نظام کو نافذ کرنے کے لیے سعی کرنا ہوگی اور اس کے لئے سب سے پہلے امریکہ کی اس نام نہاد جنگ سے پیچھا چھڑانا ہوگا۔ محض چند ڈالروں کے عوض سیاسی و عسکری قیادت اپنے ہی لوگوں کے خلاف مورچہ زن ہے۔

انہوں نے کہاکہ امریکہ ہمار اکھلا دشمن ہے، اس کے پاکستان میں دو مقاصد ہیں۔ ایٹمی پروگرام کو ختم کرنا اور ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ نہ ہونے دینا۔ ملکی صورتحال بلکہ پورے خطے کے حالات کے ٹھیک ہونے کا واحد حل بھی یہی ہے کہ امریکہ کو یہاں سے نکالا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت اگر کوئی جماعت بھرپور انداز میں امریکی نام نہاد جنگ کے خلاف کھڑی ہے تو وہ صرف اور صرف جماعت اسلامی ہے۔ حکمران ٹولہ امریکہ اور اس کے حواریوں کو راضی کرنے میں لگا ہوا ہے۔ وہ امریکی ایجنڈے کو یہاں نافذ کرنا چاہتا ہے اور اس گھنائونی سازش میں غیر ملکی فنڈز پرچلنے والی نام نہاد این جی اوز بھی شامل ہیں۔ اچھی اور نیک صالح قیادت ہی ملک میں انقلاب برپا کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکی مداخلت کی وجہ سے امن و امان دگرگوں ہے۔ امریکہ مسلمانوں اور اسلام کے خلاف سرگرم عمل ہے۔ امریکہ کا حلیف ہونا ملکی سلامتی کے لئے خطرناک ہے۔ ملک کو اس وقت مخلص قیادت کی ضرورت ہے جو ملک کو تباہ ہونے سے بچاسکے۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہاکہ عوامی تائیداور اللہ کی جانب سے فتح کی بشارت تبھی حاصل ہوگی جب حکمران امریکہ سے ناطہ توڑ کر اﷲ سے ناطہ جوڑیں گے۔ ملک کی سب سے بڑی خرابی اور بدنصیبی یہ ہے کہ وہ لوگ ہم پر مسلط ہوگئے ہیں جو امریکی مفادات کی جنگ لڑرہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 313032
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش