0
Thursday 24 Oct 2013 12:59

ہمارے اسلاف قربانیاں نہ دیتے تو آج ہم آزادی کا سانس نہ لیتے، عبدالمجید

ہمارے اسلاف قربانیاں نہ دیتے تو آج ہم آزادی کا سانس نہ لیتے، عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ ۲۴اکتوبر کا دن ریاست جموں و کشمیر کی تاریخ میں ایک منفرد اور جامع حیثیت رکھتا ہے۔ ۲۴ اکتوبر ۱۹۴۷ء کو غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی سربراہی میں آزاد کشمیر کی پہلی انقلابی حکومت قائم کر کے ڈوگرہ رجیم کے خلاف جونجال ھل کو دارالخلافہ بنا کر باضابطہ تحریک آزادی کشمیر کا آغاز کیا گیا تھا۔ غازی ملت سردار ابراہیم خان کی سربراہی میں قائم پہلی انقلابی حکومت نے انتہائی نامساھد حالات میں آزاد کشمیر کے خطہ کو تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ بنانے کے لیے جو کردار ادا کیا تاریخ کا غیرجانبدار مورخ اس کردار کو سنہری حروف میں لکھے گا۔ اگر ہمارے اسلاف قربانیاں نہ دیتے تو آج ہم اس خطہ میں آزادی کا سانس نہ لیتے۔ آزاد کشمیر کے بانی صدر غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان ہمارے قومی ہیرو ہیں۔ ۱۹۴۷ء میں غازی ملت نے اپنی رہائش گاہ واقع آبی گزر سرینگر میں الحاق پاکستان کی جو قرارداد منظور کی وہ قرارداد ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ بیس کیمپ آزاد کشمیر کے وزیراعظم کی حیثیت سے یقین دلاتا ہوں کہ اپنے اسلاف کی قربانیوں اور شہداء کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے ۶۶ویں یوم تاسیس کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جس وقت تحریک آزادی کشمیر کا آغاز کیا گیا تھا اس وقت نہتے کشمیری بے سروسامانی کے عالم میں تھے۔ لاٹھیوں اور کلہاڑیوں سے جدوجہد کی تھی اور ڈوگرہ فوج کو آزاد کشمیر سے بھگایا تھا۔ انھوں نے کہا کہ آج تجدید عہد کا دن ہے۔ کشمیر کی آزادی کے لیے جموں کے تین لاکھ سے زائد شہداء نے قربانیاں دیں۔ انھوں نے کہا کہ گلگت بلتستان جو ریاست جموں و کشمیر کا لازمی حصہ ہے ۱۹۴۹ء کے معاہدہ کراچی کے تحت ان علاقوں کا عارضی کنٹرول حکومت پاکستان کے حوالے کیا گیا۔ اس وقت آزاد کشمیر کی حکومت کے پاس وسائل نہیں تھے۔

چوہدری مجید نے کہا کہ بھارت جو سیکولر سٹیٹ ہونے کا دعویدار ہے لیکن وہ عملا وہ اپنے ملک کو سیکولر ثابت نہیں کر سکا۔ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہے اور وہ جبرا کشمیر پر قابض ہے۔

خبر کا کوڈ : 313729
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش