0
Saturday 18 Apr 2009 17:26

ہنگو میں خودکش حملہ، 25 سیکورٹی اہلکار جاں بحق، خیبر ایجنسی بم دھماکا، 3 افراد جاں بحق، 16 زخمی

ہنگو میں خودکش حملہ، 25 سیکورٹی اہلکار جاں بحق، خیبر ایجنسی بم دھماکا، 3 افراد جاں بحق، 16 زخمی
ہنگو:صوبہ سرحد کے ضلع ہنگو میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر خود کش حملے میں 25سکیورٹی اہلکار جاں بحق اور15زخمی  ہوگئے ہیں،دھماکے میں متعددگاڑیاں تباہ اور چوکی زمین بوس ہوگئی ہے،پولیس کے مطابق حملہ چیک پوسٹ کے قریب سے گذرنے والے فوجی قافلے پر کیا گیا،دھماکے کے بعد تمام راستے سیل کردیئے گئے ہیں جبکہ پولیس نے شہر میں گشت شروع کر دیا ہے،صدر زرداری اور وزیراعظم گیلانی نے بم دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے،طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی دوپہر ایک خود کش حملہ آور نے اپنی گاڑی صوبہ سرحد کے ضلع ہنگو کی تحصیل دوآبہ میں واقع سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں بیس سکیورٹی اہلکار جاں بحق اور پانچ اہلکاروں سمیت 15افراد زخمی ہوگئے ۔دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے میں متعدد گاڑیاں تباہ اور چیک پوسٹ زمین بوس ہوگئی ہے۔ برطانوی خبررساں ادارے نے کوہاٹ کے ایس پی فرید خان کے حوالے سے بتایا ہے کہ خود کش حملے میں ایک فوجی قافلے کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ چیک پوسٹ کے قریب سے گذر رہا تھا۔پولیس کے مطابق ہلاک شدگان میں فوجی بھی شامل ہیں۔زخمیوں کو سی ایم ایچ ٹل اورسی ایم ایچ کوہاٹ منتقل کردیا گیا ہے جن میں سے دو کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جبکہ پولیس نے تمام راستوں کو سیل اور شہر میں گشت شروع کر دیا ہے۔دوآبہ پولیس نے لوگوں کو منتشر کرنے کیلئے زبردست فائرنگ کی۔دریں اثناء طالبان ترجمان حکیم الله محسود نے بذریعہ ٹیلی فون صحافیوں سے گفتگو میں حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ڈرون حملے بند نہیں ہوتے وہ اپنی کاروائیاں جاری رکھیں گے۔دریں اثناء صدر،وزیراعظم،وزیراعلی ٰو گورنر سندھ اورسیاسی رہنماوٴں نے ہنگو دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔صدر اور وزیر اعظم کے دفاتر سے جاری بیان میں ہنگو دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کی بزدلانہ کاروائی قرار دیا گیا ہے جبکہ جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعاکی گئی ہے۔ ادھر خیبر ایجنسی میں بم دھماکے میں 3فراد ہلاک اور 6زخمی ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق خیبر ایجنسی کے علاقے شکوبر میں ایک مکان میں دھماکے سے 3افراد جاں بحق اور 16 افراد زخمی ہو گئے جنہیں قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔مقامی افراد کے مطابق ایک گھر کے قریب لوگ جمع تھے کہ بم اچانک پھٹ گیا
ہنگو خودکش حملہ سرحد میں امن معاہدے کے منہ پر طمانچہ ہے، الطاف حسین
لندن ( پ ر ) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے صوبہ سرحدکے شہر ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہاکہ ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پرہونے والا یہ بڑا خودکش حملہ صوبہ سرحد میں امن معاہد ے کے منہ پر ایک اور زوردار طمانچہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نظام عدل کو امن کا معاہدہ قرار دینے والے دہشت گردی کے اس واقعہ کے بعد کیا کہیں گے؟کیا خودکش حملے کر کے ملک کے محافظ سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں اور معصوم شہریوں کے خون سے ہولی کھیلنے والوں سے معاہدہ کرنا چاہیے یا ان سے قانون کے تحت نمٹنا چاہیے؟ الطاف حسین نے کہا کہ ہنگو میں دہشت گردی کے ایک اور واقعہ سے ثابت ہو گیا ہے کہ طالبان نظام عدل کے نام پر پورے ملک میں دہشت گردی کا بازار گرم کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے صدرآصف زرداری اور وزیراعظم یوسف رضاگیلانی سے مطالبہ کیا کہ ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر خودکش حملہ کر کے پولیس اہلکاروں سمیت 25 افرادکی جانیں لینے والے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ خودکش حملے میں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں اور شہریوں کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ انہیں صبر جمیل عطاء کرے ۔ انہوں نے زخمیوں کی صحتیابی کی دعا کی۔ 


خبر کا کوڈ : 3196
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش