0
Thursday 14 Nov 2013 17:27

وزیراعظم کیجانب سے بلوچستان میں تعینات این ایچ اے کے افسران کیخلاف تحقیقات کا حکم

وزیراعظم کیجانب سے بلوچستان میں تعینات این ایچ اے کے افسران کیخلاف تحقیقات کا حکم

اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک کی شکایت پر بلوچستان میں تعینات این ایچ اے کے افسران کے خلاف تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے وزارت مواصلات سے رپورٹ طلب کرلی۔ ترقیاتی سکیموں میں مسلسل تاخیر اور ان کی تکمیل میں دلچسپی نہ لینے پر وزیراعلٰی نے این ایچ اے کے افسران کو گرفتار کرنے کی دھمکی دیدی تھی۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے وزیراعظم نواز شریف سے رابطہ قائم کرکے انہیں بلوچستان میں تعینات این ایچ اے کے افسران کے رویئے اور ترقیاتی سکیموں میں مسلسل تاخیر سے پیدا ہونے والے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ اگر ان افسران نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو وہ نہ صرف انہیں گرفتار کرا دیں گے بلکہ صوبے سے انہیں واپس بھی بھجوا دیا جائے گا۔ جس پر وزیراعظم نواز شریف نے سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری مواصلات ارشد بھٹی اور چیئر مین این ایچ اے سے وضاحت طلب کرکے انہیں سارے معاملے اور بلوچستان میں جاری این ایچ اے کے منصوبوں پر کام کی رفتار اور معیار کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلٰی بلوچستان نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ صوبے میں سڑکوں، پلوں اور اہم شاہراہوں کی تعمیرات کے منصوبے بروقت مکمل نہیں کیے جا رہے اور تاخیر ہونے سے ان کی لاگت میں بھی کروڑوں روپے کا اضافہ ہو رہا ہے، اگر یہ منصوبے بروقت مکمل نہ ہوئے تو عوام کی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سے ہدایات ملنے کے بعد سیکرٹری مواصلات نے وزیراعلٰی بلوچستان سے رابطہ قائم کرلیا ہے اور اس معاملے کی انکوائری کرانے کے علاوہ نااہل افسران کے خلاف کاروائی کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

خبر کا کوڈ : 320924
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش