0
Friday 15 Nov 2013 20:14

کراچی میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا

کراچی میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا
اسلام ٹائمز۔ کراچی میں پاک محرم ایسوسی ایشن کے زیر انتظام دس محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔ مرکزی جلوس بوتراب اسکاؤٹس کی قیادت میں نشتر پارک سے برآمد ہوا، اس دوران علم، ذوالجناح اور تعزیے بھی برآمد ہوتے رہے، جلوس میں علمائے کرام کے علاوہ خواتین اور بچے اور مرد بھی بہت بڑی تعداد میں موجود تھے۔ اس سے قبل نشتر پارک میں مرکزی مجلس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے حق و باطل کے معرکے میں شہیدان کربلا پر ہونے والے مظالم کے مصائب بیان کئے۔ مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر اپنے روایتی راستوں پرانی نمائش سے ہوتا ہوا ایمپریس مارکیٹ اور پھر تبت سینٹر پہنچا جہاں جلوس کے شرکا نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام نماز ظہرین ادا کی، نماز ظہرین کی امامت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کی۔ بعد از نماز امریکہ و اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور امریکی و اسرائیلی پرچم نذر آتش کئے گئے۔

جلوس کے شرکا راستے بھر سینہ کوبی، زنجیر زنی اور نوحہ خوانی کرتے رہے، اس موقع پر لوگوں کی سہولت کے لئے جگہ جگہ پانی، شربت اور دودھ کی سبیلیں اور طبی کیمپ قائم کئے گئے تھے جبکہ کئی مقامات پر لنگر اور نذر و نیاز کی تقسیم کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ کراچی میں یوم عاشور کے موقع پر پولیس، رینجرز، سادہ لباس اہلکار، ٹریفک پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اضافی اہلکار فرائض انجام دے رہے تھے۔ پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے جلوس کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئےتھے۔ جلوس کے راستے میں کلوز سرکٹ کیمرے نصب کیے گئے تھے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی گئی جبکہ اس موقع پر ملت جعفریہ، بوہری فرقے اور اہل سنت برادری سے تعلق رکھنے والے آٹھ ہزار اسکاؤٹس نے رضاکارانہ طور پر سیکیورٹی کے لئے اپنی خدمات سر انجام دیں۔
خبر کا کوڈ : 321292
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش