0
Thursday 29 Jul 2010 12:02

پاکستان کو دو طرف نہیں چلنے دیں گے،دہشت گردوں سے روابط ختم کئے جائیں،برطانیہ کی دھمکی

پاکستان کو دو طرف نہیں چلنے دیں گے،دہشت گردوں سے روابط ختم کئے جائیں،برطانیہ کی دھمکی
بنگلور:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ وہ دہشت گردوں سے روابط ختم کرے اور ممبئی حملوں کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائے،پاکستان کے اندر سے دہشت گردوں کی مدد ناقابل قبول ہے،انہوں نے کہا ہے کہ ہم ایک مضبوط،مستحکم اور جمہوری پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں۔لیکن اسے دہشت گردی کے پھیلاؤ کی اجازت نہیں دے سکتے۔
دوسری جانب پاکستان نے برطانوی وزیراعظم کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم سے پوری دنیا واقف ہے،دُہرے رویّے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔بھارتی شہر بنگلور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جیمز کیمرون نے کہا کہ یہ بات کسی بھی طرح قابل برداشت نہیں ہو سکتی کہ پاکستان کو اس بات کی اجازت دی جائے کہ وہ دُہرا رویّہ اختیار کرے اور بھارت،افغانستان یا دنیا کے کسی بھی ملک میں دہشت گردی کو فروغ دے۔برطانوی ریڈیو کے مطابق جیمز کیمرون اور ان کے حکام نے برطانیہ اور پاکستان کا مل کر کام کرنے کی اہمیت پر بہت زیادہ زور دیا۔ 
برطانوی وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات اس پر بالکل صاف اور واضح پیغام کے ساتھ قائم ہونے چاہئیں کہ دہشت گردی کو فروغ دینے والے گروپوں کے ساتھ تعلقات ٹھیک نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے امریکا اور برطانیہ کی طرف سے پاکستان کو واضح پیغام ہے کہ ترقی یافتہ دنیا کا حصہ بننے کی خواہاں جمہوری ریاستیں دہشت گرد گروپوں سے تعلقات نہیں رکھ سکتیں۔برطانوی وزیر اعظم کیمرون نے پاکستان کیلئے برطانوی اور امریکی حمایت کے حوالے سے سوال پر کہا کہ انہوں نے اس مسئلہ پر بارک اوباما سے بھی بات کی ہے اور آج منموہن سنگھ سے بھی بات کروں گا۔
دوسری طرف جیمز کیمرون کی ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم نے پاکستان کی بات ایک ملک کے طور پر کی ہے،پاکستانی حکومت کو الزام نہیں دیا گیا۔ادھر پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے برطانوی وزیر اعظم کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں غیر مصدقہ دستاویزات کو اپنے تجزیے کی بنیاد نہیں بنانا چاہئے۔عبدالباسط نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف ہمارے عزم سے پوری دنیا واقف ہے اور ہم نے اس بات کا بھی تہیہ کر رکھا ہے کہ اپنے علاقے کو دنیا بھر میں کہیں بھی دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے دُہرے رویّے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ 
اے آر وائی نیوز کے مطابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کو عالمی سطح پر دہشت گردی کے لئے استعمال نہ ہونے دے۔بھارت جاتے ہوئے طیارے میں برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے لیے دوہری پالیسی اختیار نہ کرے ایک طرف افغانستان کو مستحکم کرنا اور دوسری طرف دہشت گردوں کی مدد کرنا ناقابل قبول ہے۔انکا کہنا تھا کہ ماضی بھی اس کے ثبوت موجود ہیں کہ پاکستان شدت پسندوں کی مدد کرتا رہا ہے،تاہم حال ہی میں پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیاں کیں ہیں۔پاکستان کو چاہئے کہ وہ شدت پسندوں کے خلاف کارروائیوں میں شدت لائے۔

خبر کا کوڈ : 32550
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش