0
Tuesday 10 Dec 2013 17:30

مال روڈ پر اشتعال انگیز تقریریں کرنیوالوں کیخلاف مقدمات درج ہونگے، رانا ثناءاللہ

مال روڈ پر اشتعال انگیز تقریریں کرنیوالوں کیخلاف مقدمات درج ہونگے، رانا ثناءاللہ
اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر قانون و بلدیات رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی کے حوالے سے امریکی سیکرٹری برائے دفاع کے بیان پر ابھی تک دفتر خارجہ نے تصدیق یا تردید نہیں کی، امریکہ اور نیٹو ممالک سے تعلقات ختم کرنے ہیں یا نہیں اس بات کا فیصلہ نہ ایک فرد اور نہ سیاسی جماعت کرسکتی ہے بلکہ یہ قومی اتفاق رائے سے ممکن ہے، اگر عمران خان دعویٰ کر رہے ہیں کہ جون 2014ء میں انتخابات ہوجائینگے تو وہ پہلے خیبر پختوانخوا میں شوق پورا کرلیں، ان پر حقیقت آشکار ہوجائیگی، پنجاب حکومت نے کرپشن کے خاتمے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے ہیں، تاہم یہ بھی درست ہے کہ تھانوں اور پٹوار خانوں میں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے۔

پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ خان نے کہا کہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے اور یہ وفاق کے ماتحت نہیں، نیب کا ادارہ اپنے سربراہ کیخلاف بھی کارروائی کرسکتا ہے۔ اس ادارے کے سربراہ کا تقرر اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے ہوتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تعینات کئے جانیوالے ڈی سی او زاور ڈی پی اوز سمیت دیگر اعلٰی عہدوں پر تعینات ہونیوالے افسروں کی تقرری انتہائی چھان بین کے بعد کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی طرف سے بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں توسیع کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے دو ٹوک کہا ہے کہ اگر شیڈول کو آگے لے جانا ہے تو سپریم کورٹ میں جانا پڑیگا اور مجھے قوی امید ہے کہ سپریم کورٹ سے اس ایشو پر کوئی ریلیف نہیں ملے گا۔

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے موقع پر انتہائی فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کئے جا رہے ہیں جبکہ فوج اور رینجرز کو طلب کرنے کا فیصلہ اجلاس میں کیا جائے گا۔ ایسے علماء جن کی تقاریر سے مذہبی منافرت یا انتہاء پسندی پھیلنے کا خطرہ ہوگا، انکی زبان بندی کا حکم دیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ مال روڈ پر اشتعال انگیز تقریریں کرنیوالوں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔ انہوں نے نیٹو سپلائی کے حوالے سے امریکی سیکرٹری برائے دفاع کے بیان کے حوالے سے کہا کہ دفتر خارجہ نے ابھی تک اسکی تصدیق یا تردید نہیں کی، لہٰذا اس پر کوئی بات نہیں کی جاسکتی۔ جہاں تک نیٹو سپلائی روکے جانے کا سوال ہے تو تحریک انصاف کے کارکن صبح دس بجے آتے ہیں اور شام پانچ بجے چلے جاتے ہیں، اسکے بعد وہاں سے گزرنے والے کنٹینرز افغان ٹریڈ کے ہوتے ہیں یا نیٹو کے کسی کو کوئی پتہ نہیں۔
خبر کا کوڈ : 329272
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش