0
Friday 3 Jan 2014 18:49

سنی اتحاد کونسل کے 30 مفتیوں نے سود کیخلاف اجتماع فتویٰ جاری کر دیا

سنی اتحاد کونسل کے 30 مفتیوں نے سود کیخلاف اجتماع فتویٰ جاری کر دیا
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر سنی اتحاد کونسل کے تیس مفتیوں نے اپنے اجتماعی فتویٰ میں کہا ہے کہ سود پر لیا جانے والا قرض اور اس سے کیے جانے والا کاروبار حرام ہو گا۔ سودی قرضے کا حصول و استعمال حرام اور گناہ عظیم ہے۔ یوتھ لان سکیم کو سود سے پاک کیا جائے کیونکہ سورۃ البقرہ میں سود کو اللہ اور رسول اللہ(ص) سے جنگ قرار دیا گیا ہے۔ حضور نبی کریم(ص) نے سود کو زنا سے بھی سخت گناہ قرار دیا ہے۔ حضرت علی علیہ السلام سے روایت ہے کہ رسول اللہ(ص) نے سود کھانے، کھلانے اور سود کا حساب لکھنے والے پر لعنت کی ہے، اس لیے حکومت قرض حسنہ کی بنیاد پر سکیم شروع کرے جو قرآن و سنّت سے متصادم نہ ہو، سودی قرضوں کا اجرا اللہ کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ حکومت قوم کو حرام رزق پر لگانے سے باز رہے۔ حکومت مضاربت یا قرض حسنہ کی بنیاد پر نوجوانوں کو قرض فراہم کرے۔ اللہ تعالیٰ کی ناراضگی سے بچنے کے لیے سودی کاروبار اور سودی لین دین سے مکمل اجتناب کرنا ہو گا۔

فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں رائج سودی نظام معیشت ہی ہماری معاشی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ حالانکہ 1973 کے آئین کی دفعہ 38۔ایس میں کہا گیا ہے کہ ریاست سودی نظام ختم کرے۔ اسی طرح وفاقی شرعی عدالت بھی 1991 میں سود کی ہر شکل کو حرام قرار دے چکی ہے لیکن میاں نوازشریف کے پہلے دور حکومت میں سود کے خاتمے کے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی۔ موجودہ حکومت اس اپیل کو واپس لے کر شرعی عدالت کے فیصلے پر عمل یقینی بنائے اور پارلیمنٹ سے قانون سازی کروا کر اسلامی بنکاری کا نظام نافذ کیا جائے نیز پیپر کرنسی ختم کر کے سونا چاندی کے سکوں کا اسلامی معاشی نظام رائج کیا جائے تاکہ ملک سے بے برکتی کا خاتمہ ہو سکے۔ فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ ملکی قانون کی رُو سے پرائیویٹ سطح پر سودی لین دین کا کاروبار ناجائز قرار دیا جا چکا ہے لیکن گلی محلوں میں کھلے عام یہ غلیظ کاروبار جاری ہے۔ حکومت سود خوری جیسے سنگین جرم اور گناہ عظیم پر خاموش تماشائی بننے کی بجائے اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کرے کیونکہ سود کے خلاف قرآن و سنّت کے واضح احکامات موجود ہیں اور بانئ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے بھی سٹیٹ بینک کے افتتاح کے موقع پر کہا تھا کہ پاکستان میں بنکاری نظام اسلامی اصولوں پر قائم ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 337134
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش