0
Saturday 18 Jan 2014 12:44

کشمیر فارسیل ہے نہ تقسیم کی اجازت دینگے، افتخار حسین

کشمیر فارسیل ہے نہ تقسیم کی اجازت دینگے، افتخار حسین
اسلام ٹائمز۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ کی سلاؤ برانچ کے جنرل سیکرٹری چوہدری افتخار حسین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بابائے قوم مقبول بٹ شہید کا کشمیر ’’فار سیل For Sale‘‘ نہیں ہے اور نہ ہی کوئی اس کی بندربانٹ کے خواب دیکھے۔ دھرتی ماں کشمیر کے ٹکڑے ٹکڑے کرنے والے اپنا انجام بھی دیکھ لیں گے۔ کشمیر دو کروڑ ریاستی باشندوں کے نصب العین اور بنیادی حق آزادی کا معاملہ ہے۔ کشمیری عوام ریاست جموں کشمیر کی تقسیم کی ہر سازش کو ناکام بنا دیں گے۔ منقسم کشمیر کے مفاد پرست لیڈروں نے اپنے اپنے اقتدار کی ہوس میں تحریک آزادی کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ گلگت بلتستان جموں کشمیر کا جزولاینفک ہے اسے پاکستان کا صوبہ بنانے کی کوششیں کشمیر کاز سے غداری اور اقوام متحدہ کی قراردادوں سے کھلا انحراف ہے۔ 

چوہدری افتخار کا کہنا تھا کہ نواز حکومت گلگت بلتستان کو اپنا صوبہ بنانے سے باز رہے۔ ایک طرف پاکستان خود ہی یہ دعویٰ کرتا ہے کہ وہ دنیا میں کشمیریوں کا وکیل ہے جبکہ حکومت پاکستان ہمیشہ یہ کہتی رہی ہے کہ وہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام کی سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گی۔ ایسے میں گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا شوشہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کے درمیان باہمی محبت اور اخوت میں ایک دراڑ ثابت ہو سکتی ہے۔ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی کوشش کی گئی تو کشمیری اس کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے ان کے صبر اور استقامت کو آزمایا نہ جائے۔ 

افتخار چوہدری نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق حل کیا جائے، کشمیری اپنی مکمل آزادی اور خودمختاری چاہتے ہیں۔ انہیں اپنے مستقبل کے تعین کیلئے حق خودارادیت دیا جائے۔ لبریشن فرنٹ برطانیہ کے راہنماء نے کہا کہ کشمیری ایک ایجنڈے پر متفق ہوں تبھی آزادی کی منزل پالیں گے۔
خبر کا کوڈ : 342310
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش