0
Sunday 15 Aug 2010 16:01

مسائل کا واحد حل مذاکرات ہیں،تمام پڑوسی ممالک میں امن اور خوش حالی دیکھنا چاہتے ہیں،منموہن سنگھ

مسائل کا واحد حل مذاکرات ہیں،تمام پڑوسی ممالک میں امن اور خوش حالی دیکھنا چاہتے ہیں،منموہن سنگھ
نئی دلی:اسلام ٹائمز-آج نیوز کے مطابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے کہا ہے مسائل کا واحد حل مذاکرات ہیں،لیکن پاکستان کو یقین دہانی کرانا ہو گی کہ اس کی سرزمین بھارت کیخلاف دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہو گی۔من موہن سنگھ نے نئی دلی میں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ بھارت پڑوسیوں سے امن،چین اور خوشحالی کے تعلقات چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل صرف مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔مذاکرات جاری رکھنے کیلئے پاکستان کو دہشتگردی ختم کرنا ہو گی۔بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ تشدد ترک کرنے والے کشمیری گروہوں سے مذاکرات ہو سکتے ہیں۔ جنگ نیوز کے مطابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ اپنی سرزمین بھارت کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے نہیں دے گا،تاہم ایسا نہ ہوا تو دو طرفہ بات چیت کا سلسلہ آگے بڑھنا مشکل ہو گا۔نئی دہلی کے لال قلعے میں بھارت کے 64ویں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے من موہن کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت تمام پڑوسی ممالک میں امن و چین اور خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں اور تمام اختلافات کو بات چیت سے حل کرنے کے خواہش مند ہیں،مگر پاکستان دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کرے،تاکہ مذاکرات نتیجہ خیز ہوسکیں۔
من موہن سنگھ کا کہنا تھا کہ کشمیر بھارت کا لازمی حصہ ہے اور اسی دائرے میں رہتے ہوئے اُن تمام گروپوں سے بات چیت ہو سکتی ہے،جو تشدد کا راستہ ترک کر دیں۔دوسری طرف بھارت کے چونسٹھویں یوم آزادی پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہے اور کشمیری عوام یوم سیاہ منا رہے ہیں، جبکہ بھارتی فورسز نے وادی میں احتجاجی مظاہروں سے نمٹنے کیلئے مکمل کرفیو لگا رکھا ہے۔نئی دہلی میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر پورا شہر سیکیورٹی کے سخت ترین حصار میں کسی قلعے کا منظر پیش کر رہا ہے۔دارالحکومت کو عارضی طور پر نو فلائی زون بھی قرار دے دیا گیا ہے۔

خبر کا کوڈ : 34296
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش