0
Thursday 23 Jan 2014 23:10

ڈی آئی خان، خواتین کا معصوم اور شیرخوار بچوں کے ہمراہ کشمیر چوک پر دھرنا

شہداء کی سرزمین سے شہداء کے حق میں ہمیشہ آواز اٹھتی رہے گئی، مقررین
ڈی آئی خان، خواتین کا معصوم اور شیرخوار بچوں کے ہمراہ کشمیر چوک پر دھرنا
اسلام ٹائمز۔ مستونگ میں زائرین پر ہونے والے خودکش حملے کے خلاف اور شہداء کے ورثاء سے اظہار یکجہتی کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان میں سینکڑوں خواتین نے حسینی چوک سے کشمیر چوک تک احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کی قیادت سابقہ جنرل کونسلر سیدہ نیلوفر بخاری اور ضلعی ممبر سیدہ ناہید بخاری نے کی۔ شرکاء ریلی نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے، جن پر حکومت مخالف اور مظلوم ہزارہ برادری کے حق میں نعرے درج تھے۔ احتجاجی ریلی کشمیر چوک پر پہنچ کے دھرنے میں تبدیل ہوگئی۔ اس موقع پر سیدہ ناہید بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گردوں پر مشتمل ایک مخصوص گروہ پاکستان میں اہل تشیع کا مسلسل قتل عام کر رہا ہے لیکن بے حس حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اسی قاتل گروپ کے دست راست بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مولا علی ؑ کے اس قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کفر کے ساتھ تو باقی رہ سکتی ہے لیکن ظلم کے ساتھ نہیں جبکہ آج کی حکومت خود ظالموں کی ہم نوا بنی ہوئی ہے۔ 

سیدہ نیلوفر بخاری نے اپنے خطاب میں کہا کاش کوئی ایک جنازہ حکمرانوں کے اپنے گھروں سے اٹھے، انہیں احساس ہو کہ بچوں کے زخمی لاشوں کو اٹھانا کتنا مشکل ہوتا ہے۔ اپنے پیاروں کے جنازوں کو کندھا دینا کتنا صبر آزما ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وقت سمجھ لے کہ دنیا بھر میں مکتب اہلبیت کے ماننے والے ایک جسم کی مانند ہیں۔ ڈی آئی خان میں ہونے والا یہ احتجاجی دھرنا علامتی ہے۔ اگر شہداء کے ورثاء کے مطالبات نہ مانے گئے تو ملک کی کوئی سڑک، کوئی بازار آمد و رفت کے لیے دستیاب نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا ڈیرہ اسماعیل خان شہداء کی سرزمین ہے، یہاں سے ہمیشہ شہداء کے حق میں آواز اٹھتی رہے گی۔ انھوں نے اعلان کیا کہ جب تک شہداء کے جسد خاکی دفنائے نہیں جاتے اس وقت تک ڈی آئی خان میں بھی روزانہ کی بنیاد پر احتجاج اور دھرنا جاری رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 344316
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش