0
Tuesday 28 Jan 2014 00:40

پی ٹی آئی حکومت شہید اسرار کی قربانی کا صلہ دینا چاہتی ہے تو کلاچی کو یونیورسٹی کا تحفہ دے، ظفر درانی

پی ٹی آئی حکومت شہید اسرار کی  قربانی کا صلہ دینا چاہتی ہے تو کلاچی کو یونیورسٹی کا تحفہ دے، ظفر درانی
اسلام ٹائمز۔ سرائیکی لوک پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل ظفر درانی نے کہا ہے کہ سابق صوبائی وزیر قانون شہید اسرار اللہ خان گنڈہ پور کی شہادت کے صلہ میں ڈی آئی خان کی تحصیل کلاچی کو ماڈل تحصیل بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ڈیرہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی صدر اقبال بلوچ، ضلعی نائب صدر عرفان اللہ مروت، شوکت اقبال، ساجد دامانی اور حاجی شوکت ایسر سمیت پارٹی کے دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔ انھوں نے کہا سردار اسرار اللہ خان کی المناک موت کا دکھ کلاچی سمیت پورے صوبے کی عوام کو ہے، جبکہ صوبائی حکومت نے کلاچی کا نام تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرکے ہماری تاریخی حیثیت مسخ کرنے کی کوشش کی ہے۔ 
انھوں نے کہا نام کی تبدیلی سے کلاچی کے عوام کا مستقبل تبدیل نہیں ہوسکتا، تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اگر شہید اسرار اللہ خان کی قربانی کا اعتراف کرتی ہے تو پھر کلاچی کو بارانی یونیورسٹی کا تحفہ دے۔ تحصیل کی سطح پر جدید سہولیات سے مزین اچھا ہسپتال تعمیر کرے۔ اگر کلاچی کی ترقی مقصود ہے تو پھر دو سے تین ارب روپے کا ترقیاتی پیکج دیکر ماڈل تحصیل بنائے۔ انھوں نے کہا کہ جنہوں نے ملک کی حفاظت کرتے ہوئے جانوں کے نذرانے پیش کرکے نشان حیدر جیسے اعزاز پائے، ان کے ناموں پر گاؤں، تحصیلوں یا شہروں کے نام تبدیل نہیں کئے گئے۔ ملک کے وزرائے اعظم لیاقت علی خان، ذوالفقار علی بھٹو کے نام کی مناسبت سے کسی علاقے کا نام تبدیل نہیں کیا گیا تو پھر کلاچی کا نام تبدیل کیوں کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے صوبائی حکومت کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر یہ نوٹیفکیشن واپس لیا جائے ورنہ سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 345687
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش