0
Tuesday 28 Jan 2014 17:53

طالبان کے تانے بانے حکومت میں بیٹھے افراد سے ملتے ہیں، ثروت قادری

طالبان کے تانے بانے حکومت میں بیٹھے افراد سے ملتے ہیں، ثروت قادری
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف حکومت کی ہر مثبت پالیسی کا ساتھ دیں گے، مذاکرات کے نام پر عوام، سیکیورٹی فورسز اور عدلیہ کو دہشتگردی کی بھینٹ چڑھنے نہیں دیں گے، ظالمان دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کو کامیاب بنانے کیلئے پارلیمانی وغیر پارلیمانی سیاسی ومذہبی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے، کن مدارس میں انتہاء پسندی کو فروغ دیا جاتا ہے حکومت اچھی طرح جانتی ہے، طالبان جو خود ساختہ اسلام اسلحے کے زور پر مسلط کر کے اسلام کو نقصان پہنچا رہے ہیں آج انہی کے استاد صاحبان مذاکرات کی ٹیبل سجانے کو کہہ رہے ہیں، حکومت ان کیخلاف 7 ہزار فورسز اہلکاروں سمیت 50 ہزار شہریوں کا مقدمہ بنائے، دہشتگردوں کو سپورٹ کرنے والا بھی دہشتگردی کے زمرے میں آتا ہے، طالبان کے تانے بانے جن طاقتور افراد سے ملتے ہیں وہ آج حکومت کا حصہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی اراکین رابطہ کمیٹی سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کالعدم جماعتوں کیخلاف کراچی سمیت ملک بھر میں کارروائی کی جائے، ہنگو میں کھلونا بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور 4 سگے بھائیوں سمیت ایک ہی خاندن کے 6 بھائی شہید ہو گئے دل خون کے آنسو روتا ہے، حکومت معصوم بچوں کی شہادت کا سخت نوٹس لے اور دہشتگردوں کیخلاف ہر ممکن کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ سنی تحریک کا ایک ایک کارکن ملک کی سلامتی کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کا جذبہ رکھتا ہے، اگر حکومت اور فوج نے آواز دی تو تحریک کا ایک ایک کارکن سر پر کفن باندھ کر ملک کی حفاظت کریگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے حکومت کی مثبت پالیسیوں کا بھرپور ساتھ دیں گے اور عوام میں بھرپور شعور اجاگر کریں گے، ملک کی سلامتی اور دہشتگردوں کیخلاف ملک بھر میں ریلیاں، سیمینار منعقد کی جائیں گی۔
خبر کا کوڈ : 345954
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش