0
Monday 3 Feb 2014 01:15

امریکا کے فرار کے بعد خطے کی صورتحال پاکستان کے حق میں تبدیل ہوگی، مزمل ہاشمی

امریکا کے فرار کے بعد خطے کی صورتحال پاکستان کے حق میں تبدیل ہوگی، مزمل ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جماعة الدعوة کراچی کے امیر مزمل اقبال ہاشمی نے 5 فروری کو پریس کلب کے باہر عظیم الشان یکجہتی کشمیر کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کردیا۔ کانفرنس کے کامیاب انعقاد کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں ۔ کمیٹیوں کو انتظامی امور کے علاوہ مختلف مذہبی و سیاسی شخصیات کو کانفرنس میں مدعو کرنے کے حوالے سے ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ لوگوں کی بھرپور شرکت کے لیے رابطہ عوام مہم کے طور پر تشہیر کے تمام ذرائع اختیار کیے جائیں گے۔ اس بات کا فیصلہ انہوں نے مرکز تقویٰ گلشن اقبال میں ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مزمل اقبال ہاشمی نےکہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو مزید محکوم بناکر نہیں رکھ سکتا۔ کشمیریوں نے صرف اسی لیے قربانیاں دیں ہیں کہ انہیں کامل آزادی دی جائے۔
 
مزمل ہاشمی نے کہا کہ امریکا کی اس خطے سے فرار کے بعد پاکستان کے حق میں صورت حال یکسر تبدیل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بے پناہ ظلم کے باوجود بھی کشمیریوں کو اپنی منزل سے دور نہیں کر سکا۔ امیر جماعة الدعوة کراچی کا کہنا تھا کہ یکجہتی کشمیر کانفرنس کیلئے شہر کے مرکزی مقامات کے علاوہ متعدد علاقوں کی مساجد، تعلیمی اداروں اور بازاروں میں پوسٹر، ہینڈ بل کی تقسیم اور اعلانات کے ذریعے عوام کو شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے۔ مزمل ہاشمی نے کہا کہ یکجہتی کشمیر کانفرنس میں مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین کے علاوہ مقبوضہ کشمیر سے حریت رہنما بھی ٹیلیفونک خطاب کریں گے۔ مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا تھا کہ یکجہتی کشمیر کانفرنس دنیا کیلئے یہ پیغام ثابت ہوگی کہ پاکستانی قوم نے کشمیریوں کو فراموش نہیں کیا، وہ کشمیر کی آزادی کی تحریک میں اب بھی کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 347798
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش