0
Friday 14 Feb 2014 00:05

چوہدری نثار نے آپریشن پرہمارے تحفظات دورکرانے کی یقین دہائی کرائی ہے، خالد مقبول صدیقی

چوہدری نثار نے آپریشن پرہمارے تحفظات دورکرانے کی یقین دہائی کرائی ہے، خالد مقبول صدیقی
اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن سے متعلق ہمارے تمام تحفظات دور کرانے کا یقین دلایا ہے۔ گورنر ہاؤس کراچی میں ایم کیو ایم کے وفد نے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول کی سربراہی میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی جس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان بھی موجود تھے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ سے ملاقات کے دوران انہیں کارکنوں کا ماورائے عدالت قتل، 40 سے زائد کارکنوں کی گمشدگی اور دوران حراست ان پر بدترین تشدد سے آگاہ کیا گیا، ایم کیو ایم نے وزیر داخلہ کو آپریشن کے طریقہ کار پر کوئی تجویز نہیں دی۔ ہمارا صرف یہ مطالبہ کیا ہے کہ آئین سے ماورا کوئی کام نہ کیا جائے اور انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں، اب وہ اس پر کس طرح قابو پائیں گے یہ ان کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار علی خان نے ہمارے تحفظات کو نہ صرف تسلیم کیا بلکہ یقین دہانی کرائی کہ ان واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات کئے جائیں گے اور تمام لوگوں کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی میں جاری آپریشن ایم کیو ایم کے مطالبے پر کیا جارہا ہے اور ہم نے شروع سے ہی یہ کہا کہ اگر کوئی مجرم ہے تو چاہے اس کی کوئی بھی نسل اور سیاسی وابستگی ہو گرفتار کرکے مقدمہ چلایا جائے اس پر ایم کیو ایم نے نہ پہلے احتجاج کیا ہے اور نہ ہی اب کررہی ہے لیکن آئین اور قانون سے ماورا سادہ لباس اہلکار بغیر نمبر پلیٹس کی گاڑیوں میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کو نہ صرف اٹھا کر لے جارہے ہیں بلکہ دوران حراست انہیں بدترین تشدد کا نشانہ اوران کا ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے جس کی دنیا کا کوئی قانون اجازت نہیں دیتا، اس پر ہم نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور احتجاج بھی کررہے ہیں، یہ ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے۔
خبر کا کوڈ : 351432
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش