0
Friday 14 Feb 2014 00:09

طالبان کا نام لیتے ہوئے پولیس افسران کی ٹانگیں کانپتی ہیں، الطاف حسین

طالبان کا نام لیتے ہوئے پولیس افسران کی ٹانگیں کانپتی ہیں، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کے آغاز سے ہی دہشت گردی اور ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ طالبان کا نام لیتے ہوئے پولیس افسران کی ٹانگیں کانپتی ہیں۔ الطاف حسین کی زیر صدارت رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان کے ارکان کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں متفقہ طور پر کراچی میں پولیس اہلکاروں کی بس پر حملے کی شدید مذمت کی گئی اس موقع پر الطاف حسین کا کہنا تھا کہ طالبان نے پولیس قافلے پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی اگر ادارے شہریوں کو تحفظ نہ دیں سکیں تو کس سے فریاد کی جائے، وقت آگیا ہے کہ حکومت شہریوں کے تحفظ کے لئے ٹھوس فیصلے کرے جبکہ طالبان کا نام لیتے ہوئے پولیس افسران کی ٹانگیں کانپتی ہیں۔ ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ جس دن سے طالبان سے مذاکرات کا آغاز ہوا ہے اس دن سے بم دھماکوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سمیت بے گناہ شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے اور کراچی میں پولیس کی بس پر دہشت گردی کا واقعہ بھی پاکستان میں جاری دہشت گردی کے بڑے واقعات میں سے ایک ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

الطاف حسین نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مسلح افواج، سیکیورٹی فورسز، قانون نفاذ کرنے والے ادارے اور عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گرد ملک و قوم کے کھلے دشمن ہیں۔ انہوں نے صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مطالبہ کیا کہ رزاق آباد بم دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف سخت اقدامات عمل میں لائے جائیں، عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایاجائے اور بم دھماکوں کی مذموم کارروائیوں میں ملوث سفاک دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔
خبر کا کوڈ : 351433
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش